پاک افغان سرحد پر ضلع کرم کے شلوزان سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے مشکوک نقل و حرکت پر سیکیورٹی فورسز نے انتہائی سخت حملہ کیا ہے۔
پاک فوج کے بھاری ہتھیاروں سے کیے گئے تباہ کن حملے کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں مکمل طور پر خاکستر ہو گئی ہیں جبکہ دشمن اپنے ہلاک و زخمی اہلکاروں کی لاشیں مورچوں میں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شلوزان سیکٹر پر افغان طالبان کی جانب سے اچانک مشکوک تحرک کی کوشش کی گئی جس پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے لمحہ ضائع کیے بغیر فوری اور انتہائی بھرپور ردعمل دیا۔
فورسز نے توپ خانے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی جس نے افغان طالبان کے تمام دفاعی حصار کو روند ڈالا۔
اس طاقت ور عسکری کارروائی کے نتیجے میں طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹیں اور مورچے ملبے کا ڈھیر بن گئے جبکہ شدید جانی نقصان کے باعث دشمن کے حواس باختہ ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اپنی جان بچانے کے لیے فرار ہوتے وقت اپنے ہلاک ہونے والے ساتھیوں کی لاشیں بھی میدان میں چھوڑ گئے۔
سیکیورٹی حکام نے واضح عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کے تقدس اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہم وقت تیار اور مکمل طور پر چوکس ہے، اور کسی بھی مس ایڈونچر یا اشتعال انگیزی کا منہ توڑ اور عبرتناک جواب اسی عسکری برتری کے ساتھ دیا جائے گا۔





