یورپی ممالک پر ممکنہ ہائبرڈ حملے: ایک ساتھ 6 ملکوں کی پروازوں کا نظام درہم برہم !

یورپ کے مختلف ممالک میں درجنوں مسافر پروازوں پر ایک ساتھ آنے والی سنسنی خیز اور خوفناک سیکیورٹی پیش رفت کے بعد پورے یورپ کا فضائی سفر کا نظام شدید متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔

ایک ہی دن میں 30 سے زائد اہم مسافر پروازوں میں ایمرجنسی نافذ ہونے کے باعث نہ صرف کئی طیاروں کے رخ ہنگامی طور پر دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف موڑے گئے بلکہ بعض مسافر طیاروں کو فضائی حدود کے اندر جنگی لڑاکا طیاروں نے اپنے سخت سیکیورٹی حصار میں لے کر فوجی اڈوں پر اترنے پر مجبور کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ تمام ہنگامی صورتحال پراگ، پیرس، روم، برسلز، میلان اور صوفیا جانے والی پروازوں کے دوران پیش آئی۔ فرانس کی حدود میں ڈبلن سے روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز کو فرانسیسی لڑاکا طیاروں نے فضائی حدود میں روک کر فوری طور پر ایک فوجی اڈے پر بحفاظت اتارا۔

دوسری جانب بلغاریہ میں بھی تین مختلف مسافر طیاروں کو جنگی طیاروں کی مددو حفاظت کے ساتھ زمین پر اتارا گیا۔

اسی طرح پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے پیرس پرواز بھرنے والے ایل او ٹی کے طیارے کو ٹیک آف سے عین قبل روک کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ اسپین کے ایئرپورٹس پر بھی متعدد پروازوں کا سرچ آپریشن کیا گیا۔

بین الاقوامی سیکیورٹی حکام کے مطابق فی الوقت ان تمام واقعات کے پیچھے کسی مخصوص ملک یا بین الاقوامی گروہ کے ملوث ہونے کی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم دفاعی ماہرین اور سیکیورٹی اداروں نے ان تمام پے در پے واقعات کو یورپی ممالک کے خلاف ایک منظم اور مربوط ہائبرڈ حملے کا حصہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی دور کا محکمہ صحت میں کروڑوں کا فراڈ بے نقاب، انتظامیہ حرکت میں آگئی

یورپی ممالک اس سے قبل بھی روس پر تخریبی اور ہائبرڈ اقدامات کا الزام لگاتے رہے ہیں اگرچہ ماسکو حکومت ہمیشہ ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتی آئی ہے۔

Scroll to Top