خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے پچھلے 13 سالہ طویل اور دعووں سے بھرپور دورِ حکومت کا وہ سیاہ باب اب دنیا کے سامنے آ چکا ہے جس نے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔
سابقہ دورِ حکومت میں شفافیت اور تبدیلی کے بلند و بانگ دعوے کرنے والوں کی اصلیت اس وقت بے نقاب ہو گئی جب محکمہ صحت کے اندر کاغذ اور ٹونر کی مد میں 8 کروڑ روپے کی مبینہ اور ہولناک کرپشن کا سنسنی خیز اسکینڈل سامنے آیا۔
موجودہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا ڈاکٹر محسن حبیب نے فوری اور جرات مندانہ ایکشن لیتے ہوئے سابقہ دور کے اس تمام کالے کارنامے کا نوٹس لے کر ڈی جی ہیلتھ سروسز سے پورا ریکارڈ طلب کر لیا ہے اور مافیا کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ 2024-25 نے سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے اس مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے جو شفاف نظام کے نام پر عوام کو دھوکہ دیتے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پچھلی حکومت کے آشیرباد سے مالی سال 2023-24 کے دوران ڈائریکٹوریٹ کے مخصوص بینک اکاؤنٹ سے میسرز کمبائنڈ وژن ٹریڈرز نامی ایک ایسی جعلی کمپنی کو خاموشی سے 7 کروڑ 99 لاکھ 94 ہزار 804 روپے کی خطیر رقم منتقل کر دی گئی جس کے لیے بجٹ ہیڈ میں ایک روپیہ تک موجود نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کی بیوروکریسی میں بڑی تبدیلی: محمد انوار خان نئے سیکرٹری اطلاعات تعینات
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بغیر بجٹ اور بغیر کسی منظوری کے کروڑوں روپے کی یہ رقم کس کی جیب میں گئی؟ کیا یہ پی ٹی آئی کے طویل اقتدار کی اسی کرپشن فری پالیسی کا شاخسانہ تھا؟
تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ جس کمپنی کو کروڑوں کے ٹھیکے تھمائے گئےاس کی رجسٹریشن صرف آئی ٹی آلات اور دفتر کے سامان کی حد تک تھی اور کاغذ یا اسٹیشنری سے اس کا کوئی تعلق نہیں تھا۔
پی ٹی آئی کے دور میں کی گئی اس لوٹ مار کا سب سے مضحکہ خیز پہلو یہ ہے کہ جتنا کاغذ خریدا گیا پورے سال (جولائی 2023 سے جون 2024) میں محکمہ صحت کے تمام شعبوں سے کل ملا کر اتنے خطوط بھی جاری نہیں ہوئے تھے۔
اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سب کچھ صرف کاغذی کارروائی کے ذریعے سرکاری خزانے کو چونا لگانے اور اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
سابقہ حکومت کے اس کرپٹ نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے پر موجودہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈاکٹر محسن حبیب اور ان کی ٹیم کی کارکردگی قابلِ دید اور لائقِ تحسین ہے۔
اینٹی کرپشن نے تمام ٹینڈر فائلیں، کوٹیشنز اور بینک اسٹیٹمنٹس طلب کر کے واضح کر دیا ہے کہ اب کسی بھی کرپٹ عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا اور 7 روز کے اندر اندر ملوث افسران کے خلاف کڑا قانون نافذ کیا جائے گا۔
سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے اس بدترین اور گھناؤنے مالی اسکینڈل کے سامنے آنے اور موجودہ انتظامیہ کی جانب سے اس کے خلاف فوری، بے باک اور آہنی ایکشن لینے پر خیبر پختونخوا کی عوام، سول سوسائٹی اور فکری حلقوں میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شہریوں نے کھلے الفاظ میں اس بات کا اظہار کیا کہ ماضی میں 13 سال تک صوبے کو لوٹنے والوں نے صحت جیسے مقدس ترین شعبے کو بھی نہیں بخشا۔
یہ بھی پڑھیں : موجودہ انتظامیہ کرک کے بچوں کے لیے بڑی امید: تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر کام شروع!
عوام نے ڈاکٹر محسن حبیب اور موجودہ انتظامیہ کی اس شاندار کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ آج حقیقی معنوں میں کرپٹ مافیا کو ان کے انجام تک پہنچانے کا آغاز ہو چکا ہے۔
شہریوں نے پرجوش نعروں کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی پسینے کی کمائی لوٹنے والے ان عناصر کا کچا چٹھا کھلنے کے بعد اب انہیں کسی صورت کیفرِ کردار سے بچنے نہیں دیا جائے گا اور موجودہ انتظامیہ کا یہ اقدام تاریخ کا ایک روشن باب بن چکا ہے۔





