خیبر پختونخوا میں جدید اور شفاف پبلک ٹرانسپورٹ ماڈل کا آغاز،سخت احکامات جاری

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں برسوں پرانے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ہمہ جہت اصلاحاتی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میںگورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ آصف رفیق نے پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو پبلک ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری، بس اڈوں کی مناسب زوننگ، کرایوں کے منصفانہ تعین اور گاڑیوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں کی روک تھام کے لیے ہنگامی اور عملی لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں مشیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی کہ پشاور کے پرانے اور گنجان بس اڈوں کو نئے اور جدید جنرل بس سٹینڈ ٹرمینل میں منتقل کرنے کے لیے تمام قانونی اور انتظامی تقاضوں پر مبنی تفصیلی کیس فوری تیار کیا جائے۔

اس کے علاوہ صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی (PTA) اور تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (RTAs) کی کارکردگی اور استعداد کار بڑھانے کے لیے ان کی ازسرنو تنظیم (Restructuring) کا جامع پلان بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

صوبے میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کو بہتر بنانے اور سموگ و فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے آصف رفیق نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ پنجاب کی طرز پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت ایک موثر ماڈل تیار کیا جائے۔

اس ماڈل کے ذریعے موٹر وہیکل ایگزامینیشن (MVEs) اور وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ اسٹیشنز (VETS) کو جدید بنایا جائے گا تاکہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی تکنیکی فٹنس اور دھوئیں کے اخراج کی کڑی نگرانی ممکن ہو سکے۔

ٹرانسپورٹ کے شعبے سے رشوت اور انسانی مداخلت کے خاتمے کے لیے مشیر نے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کیش لیس ادائیگیوں (Cashless Payments) اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ادارے میں شفافیت اور احتساب کا نظام قائم ہوگا جس کا براہِ راست فائدہ عام مسافروں کو ملے گا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ان جامع اور انقلابی اصلاحات کا عوامی و سماجی حلقوں نے زبردست خیر مقدم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ترکیہ کی پارلیمنٹ میں پاکستان اور سعودی عرب کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کثرت سے منظوری !

عام شہریوں اور بالخصوص روزانہ سفر کرنے والے مسافروں نے پشاور کے بس اڈوں کی نئے ٹرمینل میں منتقلی اور کرایوں کی موثر مانیٹرنگ کے احکامات کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گاڑیوں سے اٹھنے والے دھوئیں کے خلاف سخت ایکشن اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نفاذ سے نہ صرف مسافروں کا استحصال بند ہوگا بلکہ صوبے میں فضائی آلودگی میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔

Scroll to Top