گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، توانائی و بجلی، سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ڈیجیٹلائزیشن اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ 100 روزہ فلیگ شپ پروگرام کی بروقت اور معیاری تکمیل سے صوبے کے عوام کو حقیقی تبدیلیاں محسوس ہوں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں بدلتا اور نکھرتا خیبر پختونخوا 100 روزہ پلان کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اہم بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (P&D) اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ بدلتا خیبر پختونخوا کے تحت 83 اور نکھرتا خیبر پختونخوا اقدام کے تحت 125 منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
بریفنگ میں صحت، تعلیم، ڈیجیٹل گورننس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI)، کھیلوں کی سرگرمیوں، اور سولر و توانائی کے شعبوں کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام 208 منصوبوں کی ٹائم لائنز، عملدرآمد کی رفتار، متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطہ کاری اور میدان میں درپیش مختلف انتظامی و تکنیکی چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
مشیر عثمان سیف اللہ خان نے تمام منصوبوں کی شفافیت اور بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عملدرآمد کے راستے میں حائل تمام تر انتظامی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔
انہوں نے تاکید کی کہ بدلتا کے پی اور نکھرتا کے پی دونوں اقدامات کی کامیابی کا انحصار تمام صوبائی محکموں کی موثر اور مربوط رابطہ کاری پر ہے لہٰذا کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مقررہ وقت میں عوام کو اس کے نتائج مل سکیں۔
صوبے میں تعلیم، صحت، سولر انرجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے 208 سے زائد منصوبوں پر 100 روزہ مانیٹرنگ کے اقدام پر تعلیمی، تکنیکی اور عوامی حلقوں کی جانب سے زبردست اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں جدید اور شفاف پبلک ٹرانسپورٹ ماڈل کا آغاز،سخت احکامات جاری
شہریوں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ AI، ڈیجیٹلائزیشن اور سولرائزیشن جیسے عصری منصوبوں سے صوبے کی معیشت اور نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوگا۔
عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت کا یہ 100 روزہ پلان صوبے میں گڈ گورننس اور ترقی کی ایک نئی مثال قائم کرے گا۔





