امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ محض ایک الیکشن کی وجہ سے ریاستہائے متحدہ امریکا کو 3 ٹریلین ڈالر کا خطیر مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
کینیڈی سپیس سینٹر فلوریڈا میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مڈ ٹرم الیکشن کا حوالہ دیا اور کہا کہ میں بیلٹ پر موجود نہیں تھا اگر میں خود الیکشن لڑ رہا ہوتا تو ہم لازمی فتح حاصل کرتے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے ایک الگ اور انتہائی اہم بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ اگر ان کی انتظامیہ نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے وقت پر نہ روکا ہوتا تو آج اسرائیل اور پورا مشرقِ وسطیٰ نقشے سے مٹ چکا ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کھل کر اس سچائی کا اعتراف نہیں کرنا چاہتا لیکن اندرونی طور پر سب جانتے ہیں کہ یہ بالکل حقیقت ہے۔
خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کی حکومت یہ بات یقینی بنا رہی ہے کہ ایران کسی صورت ایٹمی صلاحیت حاصل نہ کر سکے۔
تاہم انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ امریکا اس وقت ایران کے ساتھ مثبت انداز میں مذاکراتی عمل میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایران کو عبرتناک شکست دی ہے اور اس وقت آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ 6 سے 7 ماہ میں امریکا کا ایک بھی فوجی نہیں مارا گیا۔
امریکی صدر نے انتظامی سطح پر بڑی تبدیلی کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 9 نومبر سے سٹیفن ملر ٹرمپ انتظامیہ کے نئے چیف آف سٹاف ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : اے سی صوابی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ،صفائی کی ناقص صورتحال پر برہم
انہوں نے سٹیفن ملر کو اپنا انتہائی قابلِ اعتماد اور تجربہ کار مشیر قرار دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ موجودہ چیف آف سٹاف سوزی وائلز یہ عہدہ چھوڑ کر اب ان کی بنیادی سیاسی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گی۔





