اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر صوابی عدنان ممتاز خٹک نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (DHQ) صوابی کا ایک اہم اور ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں جاری مختلف ترقیاتی و تکمیلی کاموں کا باریک بینی سے تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کا بنیادی مقصد عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں درپیش مسائل کا تدارک اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔
دورے کے دوران جب اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، راہداریوں اور واش رومز کا معائنہ کیا تو صفائی ستھرائی کی انتہائی ناقص اور غیر تسلی بخش صورتحال دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے موقع پر موجود ہسپتال انتظامیہ کی شدید سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ بیماروں کی دیکھ بھال کے مرکز میں صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے عملے کو فوری طور پر صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری لانے اور روزانہ کی بنیاد پر سینیٹائزیشن یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں زیرِ تعمیر منصوبوں، بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے نظام، لفٹ کی آپریشنل حالت، میڈیکل گیس سسٹم (آکسیجن سپلائی)، اور ایچ وی اے سی (HVAC) جیسے حساس تکنیکی شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ اینجینئرز اور انتظامی حکام نے جاری پیش رفت پر بریفنگ دی۔
اے سی صوابی نے کام کی سست روی اور نقائص پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باقی ماندہ تمام کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں : انسولین کی چھٹی،بغیر انسولین شوگر کنٹرول کرنے والی انقلابی ڈیوائس تیارکر لی گئی
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے بنیادی حقوق اور صحت کے سہولیات میں غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ صوابی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام الناس کو صحت اور دیگر تمام بنیادی سہولیات کی بلاتعطل اور معياری فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مسلسل مانیٹرنگ اور عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔





