وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بیانیے کے ساتھ نہیں بلکہ اپنی ریاست اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور یہ صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔
ہری پور میں ایک عظیم الشان عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی کی سابقہ صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنے خطاب میں امیر مقام نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور کشمیری ماؤں بہنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے پاک فوج کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خاکی وردی والے مشکل ترین وقت میں ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔
ہماری بہادر افواج نے بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملاتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 13 سالہ بدترین اور ناکام حکومت سے عوام کو بالاخر نجات مل چکی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا تمام تر زور صرف پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے پر تھا جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک دہشت گردی کے خلاف ریاست کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبے کے سابق وزیراعلیٰ تین تین ماہ تک اپنے دفتر نہیں جاتے تھے اور صرف چندہ اکٹھا کرنے کی غرض سے لانگ مارچ کو طول دیا جاتا رہا۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز اپنے من پسند خاکے بنانے کے بجائے ہری پور آئیں اور دیکھ لیں کہ عوام کا حقیقی رجحان کس کے ساتھ ہے۔ پی ٹی آئی کا چیپٹر اب ہمیشہ کے لیے بند ہو چکا ہے اور انہیں اپنے 13 سالہ دور کا مکمل حساب دینا ہو گا۔
وفاقی وزیر نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت پر ہری پور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت ہری پور کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مڈ ٹرم الیکشن سے امریکا کو 3 ٹریلین ڈالر کا نقصان ہوا: ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ
انہوں نے اعلان کیا کہ علاقے کی محرومیوں کے خاتمے اور روزگار و انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں میں ہری پور کو خصوصی ترجیح اور فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔





