پشاور :ملک میں کرپشن اور سیاسی اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال کی عجب عجب داستانیں روزانہ کی بنیادوں پر سامنے آ رہی ہیں اور اب فضل الرحمٰن کا ایک اور بڑا اسکینڈل میڈیا کی زینت بن گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں واقع افغان ریفیوجیز کمشنریٹ کی اربوں روپے کی سرکاری املاک کے مبینہ غیر قانونی استعمال اور افغان شہریوں کو بھاری رقموں کے عوض پاکستانی شناخت اور شہریت دلوانے کے سنگین الزامات نے سیاسی و انتظامی حلقوں میں تلاطم برپا کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم کے دورِ حکومت میں حیات آباد فیز 5کے اہم اور قیمتی سرکاری بنگلہ نمبر4 اور5کو مخصوص سیاسی افراد قاری رؤف، قاری حیات اللہ، مامون احمد جان اور فضل الرحمٰن کے بھائی ضیاء الرحمٰن کے برادرِ نسبتی کے مکمل زیرِ استعمال رکھا گیا۔
ذرائع اور موصولہ تفصیلات کے مطابق انہی سرکاری بنگلوں کو ایک منظم نیٹ ورک کے تحت افغان شہریوں سے موٹی رقمیں بٹور کر انہیں غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈز اور شہریت دلوانے کے لیے بطور ٹرانزٹ پوائنٹ استعمال کیا جاتا رہا۔
اس پورے کھیل میں فضل الرحمٰن اور ان کے بھائی ضیاء الرحمٰن کے شدید سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے افغان ریفیوجیز کمشنریٹ کے تمام تر سرکاری وسائل اور انتظامی مشینری کو مخصوص اور من پسند افراد کے غیر قانونی مقاصد کے لیے بلا جھجھک استعمال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : 1948 سے قائم ملتان کا تاریخی مدرسہ بھی نہ بچ سکا، فضل الرحمان اور اسد محمود کا ناجائز قبضہ، اینکر تنزیلہ مظہر کا انکشاف
اسی بدعنوانی اور اندرونی کھینچ تان کے سلسلے میں کمشنریٹ کے اندر اچانک سلیم خان کو ان کے عہدے سے ہٹانے اور عباس خان کو اضافی چارج دینے کے عمل نے بھی سنگین سوالات جنم دیے ہیں، جس کے بعد اس پورے محکمے کی کارکردگی اور انتظامی تبدیلیوں پر شکوک و شبہات کے گہرے بادل چھا گئے ہیں۔
خبر سامنے آنے کے بعد متعلقہ اداروں سے فوری حرکت میں آنے اور فضل الرحمٰن سے ان تمام مالی و انتظامی بدعنوانیوں کا حساب لینے کا شدید مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ مذہب اور سیاست کی آڑ میں سرکاری املاک کو ذاتی اور غير قانونی دھندوں کے لیے استعمال کرنے کے اس سلسلے کا اب ہر صورت خاتمہ ہونا چاہیے اور ملکی سلامتی سے کھیل کر افغان شہریوں کو پاکستانی شناخت بیچنے والے تمام کرداروں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔





