مصر کے شمالی علاقے میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان پیش آنے والے خوفناک اور دل دہلا دینے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ حادثے کے بعد دونوں ٹرینوں کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر کھائی اور اطراف میں الٹ گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں اور میڈیا کے مطابق حادثے کی سنسنی خیز ویڈیوز اور تصاوائر منظرِ عام پر آئی ہیں جن میں تباہ شدہ اور الٹی ہوئی بوگیوں کے گرد مقامی لوگوں اور امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد کو پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک مسافر ٹرین گیزا سے جنوب مغرب میں واقع فیوم نخلستان کی جانب جا رہی تھی جبکہ دوسری ٹرین دارالحکومت قاہرہ سے ملک کے جنوبی شہر اسوان کی طرف گامزن تھی۔ اچانک پیش آنے والے اس حادثے کی اصل وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی شفاف تحقیقات کا باقاعدہ حکم دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تجاوزات مافیا پر کاری ضرب : پشاور سڑکوں پر جاری ترقیاتی کام کی رفتار مزید تیز
صدر السیسی نے واضح اور سخت الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ حادثے کی تحقیقات میں غفلت یا لاپرواہی کے مرتکب پائے جانے والے کسی بھی ذمہ دار شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق کڑا جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔
اس وقت حکام کی جانب سے جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹانے اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔





