پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات برائے 12 اضلاع محمود جان بابر نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور پولیس کی سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے لیے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں، تاہم پولیس کو سکیورٹی کے لیے درکار 6 ارب 40 کروڑ روپے کے مقابلے میں صرف ایک ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
آزاد ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے محمود جان بابر نے بتایا کہ گزشتہ دس سال کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کو مجموعی طور پر 98 ارب روپے دیے گئے، جبکہ صرف رواں سال پولیس کو 70 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی نظام کو جدید بنانے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں سیف سٹی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔
ان منصوبوں کے تحت جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے نظام کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشتگردی کی سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد مل سکے۔
محمود جان بابر کے مطابق دہشتگردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے فیس لیس کورٹس بھی قائم کی جا رہی ہیں، جہاں دہشتگردوں کے لیے مقدمات کی سماعت کرنے والے ججوں اور ان کے خلاف گواہی دینے والے افراد کی شناخت معلوم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم یوتھ لون اسکیم، نوجوانوں کے لیے قرض کی حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی
انہوں نے بتایا کہ اس نظام کا بنیادی مقصد ججز اور گواہوں کی شناخت خفیہ رکھنا اور انہیں دہشتگردوں کی جانب سے ممکنہ خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔
مشیر اطلاعات نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے لوگ خود گھروں سے نکل رہے ہیں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی حمایت کر رہے ہیں۔ مقامی آبادی چاہتی ہے کہ ان کے علاقے دہشتگردوں سے مکمل طور پر پاک ہوں اور مستقل امن قائم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی آبادی کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی حمایت اس بات کا اظہار ہے کہ لوگ دہشتگردی سے نجات اور اپنے علاقوں میں امن و امان کی بحالی چاہتے ہیں۔
محمود جان بابر نے مزید کہا کہ سیف سٹی منصوبوں، فیس لیس کورٹس اور دیگر سکیورٹی اقدامات کا مقصد دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنانا، عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور متاثرہ علاقوں میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔





