گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز جاری رہیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ماضی میں خیبرپختونخوا سے لوگ انتشار پھیلانے کے لیے آتے تھےتاہم اب صوبوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد خیبرپختونخوا کو ایک خوشحال صوبہ بنانا ہے۔ سابق حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ جمہوری نہیں تھی بلکہ انتشار پھیلا رہی تھی اور اس کی پالیسیاں قندھار سے چلتی تھیں تاہم اب پی ٹی آئی والے اچھے بچے بنیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک ہی ہے لیکن اس کی چار فرنچائزز بن چکی ہیں اور یہ سمجھ نہیں آتا کہ فیصلہ کس نے کرنا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کبھی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی۔
صوبائی دارالحکومت کی حالتِ زار کا ذکر کرتے ہوئے گورنر کے پی نے بتایا کہ پشاور میں 11 ہزار سے زائد مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں، جبکہ لوگوں سے پیسے لے کر قائم کی گئی تجاوزات کے خلاف اس وقت سخت آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی ٹیسٹ:پہلے دن کا کھیل ختم، 4 بلے بازوں کی نصف سنچریاں
انہوں نے اعلان کیا کہ 11 نومبر کو وہ ایک ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی پریس بریفنگ دیں گے جبکہ وزیراعظم کی جانب سے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔





