مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور مولانا محمد طیب قریشی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے مساجد کو اسلحہ و بارود کے ذخیرے اور دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشت گردی کے مراکز میں تبدیل کرنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔
مولانا طیب قریشی کے مطابق دہشت گرد عناصر نے مسجد کے تقدس کو پامال کر کے اپنے اسلام دشمن عزائم ایک بار پھر بے نقاب کر دیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مساجد عبادت، ذکر، تعلیم، اصلاح، امن اور خیر کے مراکز ہیں، جبکہ قرآن و سنت میں مساجد کے احترام اور تقدس کی واضح تعلیمات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی مسجد کو اسلحہ و بارود رکھنے، دہشت گردی کی منصوبہ بندی یا تخریبی سرگرمی کے لیے استعمال کرنا اسلامی تعلیمات سے کھلی بغاوت ہے۔
مشیر اوقاف نے مزید کہا کہ میر علی کی مسجد میں بارود کا ذخیرہ ملنا ان عناصر کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرتا ہے جو مذہب کو اپنے مذموم عزائم کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کا خون بہانے اور عبادت گاہوں کو ڈھال بنانے والوں کا اسلام کی حقیقی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور پاکستانی عوام تشدد کو جواز فراہم کرنے کی کوششوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
مولانا طیب قریشی نے فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : انتشاراور نفرتیں پھیلانے کا دور ختم:خیبرپختونخوا کو ایک خوشحال صوبہ بنانا ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی
انہوں نے زور دیا کہ ملک سے انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے قومی یکجہتی اور اسلام کی امن پر مبنی تعلیمات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔





