گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ معاشرے میں امن کا قیام ہی کاروبار، خوشحالی اور نوجوانوں کے ولولوں کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں مثبت اور پائیدار تبدیلی لانے کے لیے نوجوانوں کی فکری سوچ سب سے اہم ہتھیار ہے۔ نوجوان صرف قوم کا مستقبل ہی نہیں بلکہ حال کے قائدین ہیں، جن کی صلاحیتوں اور تجاویز کے بغیر ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے منعقدہ دو روزہ یوتھ انگیجمنٹ ورکشاپ کے افتتاحی روز بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس اہم اور وقت کی ضرورت پر مبنی ورکشاپ کا اہتمام خیبرپختونخوا مرکز برائے انسدادِ پرتشدد انتہا پسندی (KPCVEA) نے سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) اور برطانوی ہائی کمیشن کے خصوصی اشتراک سے کیا۔
اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ایک معروف عالم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کسی بستی کے لوگ جوہڑ کا پانی پینے پر مجبور ہوں تو ان کی تمام امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہو جاتی ہیں کہ وہ کوئی چشمہ صافی تلاش کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مثال قبائلی نوجوانوں کے کندھوں پر عائد بھاری ذمہ داری اور ان کے فکری و عملی کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
مشیر تعلیم و سماجی بہبود نے بتایا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد ضم اضلاع کے نوجوانوں کو درپیش چیلنجز، امن کے قیام اور ترقیاتی تجاویز کو براہِ راست ان کے منہ سے سننا ہے۔
نوجوان اپنے علاقے کے زمینی حقائق کو بہتر سمجھتے ہیں، اس لیے انہی کی رہنمائی میں زیادہ موثر اور قابلِ عمل پالیسیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے اپنے گزشتہ نگران دورِ حکومت کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں جوانوں، بزرگوں اور حکام سے ملاقاتوں کے دوران انہیں جو آگاہی اور سبق ملا وہ ان کی سالہا سال کی علمی و عملی ریاضت سے کہیں بڑھ کر تھا اور ان کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے قبائلی یوتھ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پالیسی ساز ادارے ان کے تجربات سے سیکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورکشاپ کے اختتام پر قائم کردہ اشتراکی گروپس جو سفارشات مرتب کریں گے ان کا وہ خود جائزہ لیں گے تاکہ انہیں فوری طور پر حکومتی پالیسیوں کا حصہ بنایا جا سکے۔
ورکشاپ کے پہلے روز دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا جن میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز عابداللہ کاکاخیل، ممتاز دانشور و سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، ڈائریکٹر KPCVEA ڈاکٹر قاسم خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف ارشاد اور چیف ایگزیکٹو ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس شامل تھے۔
موجودہ انتظامیہ کا قبائلی نوجوانوں کی اس طرح سرپرستی کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن عملی اقدام اٹھا رہی ہے۔
عوامی اور تعلیمی حلقوں نے پشاور میں ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے اس شاندار ورکشاپ کے انعقاد اور مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ کے وژنری خطاب کی بھرپور پذیرائی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صوبائی معیشت میں خواتین کی شمولیت: پشاور میں ثمر ہارون بلور نے خواتین انٹرپرینیورز نمائش کا افتتاح کردیا
عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت جس طرح قبائلی نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کر کے ان کی تجاویز کی روشنی میں پالیسیاں بنا رہی ہے یہ ایک انتہائی دانشمندانہ اور دور اندیشانہ قدم ہے۔
شہریوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ حکومت کی ان مخلصانہ اور مثبت پالیسیوں کے ذریعے قبائلی علاقوں میں پرتشدد سوچ کا خاتمہ ہوگا اور امن، تعلیم و معاشی خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔





