موت کے منہ سے لوٹ کر دشمن پر جھپٹ پڑے، کے پی پولیس کی زبردست جوابی کارروائی، کرک میں حملہ آوروں کی چیخیں نکل گئیں

کرک: خیبر پختونخوا پولیس نے ضلع کرک میں رات کی تاریکی میں دہشت گردوں کی جانب سے چنغوص چیک پوسٹ پر کیا گیا ایک اور بڑا حملہ مردانہ وار مقابلے کے بعد ناکام بنا کر حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک فضل واحد خان کے مطابق دہشت گردوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، تاہم وہاں موجود جیویں جوانوں نے شدید اور مسلسل جوابی فائرنگ سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

فائرنگ کا یہ ہولناک تبادلہ رات گئے سے صبح تک جاری رہا جس کے باعث عمارت کو جزوی نقصان پہنچا لیکن پولیس اہلکار اپنی پوزیشنوں پر ڈٹے رہے اور فورسز کی سخت مزاحمت کے باعث دہشت گرد فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او اضافی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جن کے اپنے گھر شیشے کے ہوں وہ دوسروں پر پتھر نہیں پھینکتے، خود ناجائز قبضے پر بیٹھ کر دوسروں کو اخلاقیات نہ سکھائیں

کرک کا یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف اگلے مورچوں پر ملک و قوم کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔

صوبائی حکومت پولیس کی اس بہادری کو جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی کے ڈھال سے مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اسی سلسلے میں صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے اور حساس چیک پوسٹوں کو 75 فیصد تک مضبوط کرنے کے لیے تقریباً 70 ارب روپے کے جامع سیکیورٹی منصوبے پر کام جاری ہے۔

تاکہ مستقبل میں ایسے حملوں کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے اور صوبے میں امن و امان کی مستقل بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top