فتنہ الخوارج کے لیے خوف کی علامت بنی کے پی پولیس، انتہائی مطلوب کمانڈر سیف اللہ کو جہنم واصل کر کے عبرت کا نشان بنا دیا

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے باڑہ شیخان کے علاقے میں ایک انتہائی کامیاب اور دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج (کالعدم ٹی ٹی پی) کے انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گرد کمانڈر سیف اللہ کو جہنم واصل کر دیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس بروقت اور فیصلہ کن کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ایک بار پھر خاک میں ملا دیا ہے۔

ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، ہلاک ہونے والا دہشت گرد کمانڈر سیف اللہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو متعدد سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب اشتہاری تھا۔

یہ شاطر دہشت گرد میدانک کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی چیک پوسٹوں پر براہ راست حملوں کے ساتھ ساتھ جمرود کے تاریخی علاقے علی مسجد میں ہونے والے تباہ کن آئی ای ڈی دھماکوں سمیت کئی گھناؤنی دہشت گرد کارروائیوں میں براہ راست ملوث تھا۔

رپورٹس کے مطابق، موصوف اشتہاری کمانڈر گرفتاری اور قانون کے شکنجے سے بچنے کے لیے طویل عرصے سے افغانستان فرار تھا اور وہاں مقیم تھا۔ تاہم، حال ہی میں وہ افغانستان سے دہشت گردوں کی ایک نئی تشکیل کا کمانڈر مقرر ہو کر پاکستان میں خون کی ہولی کھیلنے اور بڑی تباہی پھیلانے کی غرض سے داخل ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دفاع کے لیے تمام اقدامات کرنے کو تیار ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

پولیس نے مصدقہ اطلاعات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گھیرے میں لیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس دوران دہشت گرد کی جانب سے کیے جانے والے گرینیڈ حملے کے نتیجے میں 2 بہادر پولیس اہلکاروں کو معمولی خراشیں اور زخم آئے، جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے دی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو کی انجام تک پہنچانے پر خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں اور افسران کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شاباش دی ہے۔

آئی جی پی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بہترین حکمت عملی اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خارجی کمانڈر کو ہلاک کرنے اور سیکڑوں معصوم جانوں کو بچانے والے یہ پولیس اہلکار پوری قوم کا فخر اور اصل اثاثہ ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے دو ٹوک الفاظ میں عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی اس پاک سرزمین کو آخری دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کے خاتمے تک تمام آپریشنز اور بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، اور ریاست کے رٹ کو چیلنج کرنے والے کسی بھی عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top