سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دفاع کے لیے تمام اقدامات کرنے کو تیار ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

عرب اخبار “الشرق الاوسط” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کو تیار ہے اور اس مقصد کے لیے سعودی عرب کو فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کی جائے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جن میں بنیادی طور پر دفاعی معاونت، فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ حملوں کے بعد مکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ پاکستان نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان منشیات اور دہشت گردی کا بین الاقوامی اڈہ، پڑوسی ممالک کے خلاف خونی کھیل کھیلنے والے درندوں کے ناپاک نیٹ ورکس بے نقاب

علاقائی صورتحال اور سفارتی کوششوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ایران کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔

ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران ملاقات میں شرکت اس بات کا واضح اظہار ہے کہ پاکستان مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس عمل میں شامل چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے قیام کے لیے باہمی مذاکرات اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

Scroll to Top