راولپنڈی : اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقاتوں کو من مانے سیاسی رنگ دینے، پسِ پردہ ڈیل کا ڈھنڈورا پیٹنے اور اپنی سیاسی دکان چمکانے والے انتشاری ٹولے کے مکروہ چہرے ایک بار پھر بے نقاب ہو گئے ہیں۔
متعلقہ حکام نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ جیل کے دروازے کسی سیاسی جماعت یا پی ٹی آئی کے کسی انتشار پسند ٹولے کی ناجائز فرمائشوں اور حکم پر نہیں کھلیں گے، بلکہ جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے ہر فیصلہ خالصتاً عدالت کے حکم، آئین اور قانون کی آہنی حدود میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔
حکام اور باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کو کسی خفیہ سیاسی سرگرمی، مفاہمت یا بیک ڈور ڈیل سے جوڑنے کی کوششیں محض اس سیاسی یتیم ٹولے کا جھوٹا پروپیگنڈا اور اوچھے ہتھکنڈے ہیں جن کی حقیقت سوائے جھوٹ اور فریب کے کچھ نہیں۔
اس بات کو سختی سے اجاگر کیا گیا ہے کہ اس ملاقات کا کسی بھی قسم کے سیاسی معاملات، سازشوں یا بیک ڈور رابطوں سے دور دور کا بھی واسطہ نہیں ہے، بلکہ یہ خالصتاً ایک قانونی اور عدالتی عمل کا حصہ تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے خود ذمہ دار وکلا کو باقاعدہ اجازت دی تھی تاکہ قیدی سے زیرِ سماعت مقدمات، دائر اپیلوں اور دیگر قانونی کارروائی کے حوالے سے پیشہ ورانہ بات چیت کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگردوں کی ہر گھناؤنی چال ناکام، ڈی آئی خان پولیس کے جرأت مندانہ دفاع نے دشمن کو رلا دیا
ذرائع نے دو ٹوک موقف اپنایا ہے کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ دونوں قیدی کے باضابطہ قانونی نمائندے ہیں، اور اپنے مؤکل سے قانون کے دائرے میں رہ کر قانونی مشاورت کرنا ایک عدالتی حکم کی عین تعمیل تھا۔
اس قانونی اور آئینی عمل کو کسی بھی ڈیل، سیاسی مفاہمت یا خفیہ منصوبہ بندی کا رنگ دینا اس انتشار پسند ٹولے کی ذہنی پستی کا منہ بولتا ثبوت اور صریح جھوٹ ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ اس وقت کوئی بھی بیک ڈور چینل فعال نہیں ہے اور نہ ہی اس قسم کا کوئی ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔
انتہائی سخت اور جارحانہ انداز میں خبردار کرتے ہوئے حکام نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ اگر اس پاکستان تحریک انصاف کے انتشاری ٹولے نے اس خالصتاً عدالتی اور قانونی عمل پر بھی اپنی گندی سیاست چمکانے یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی، تو اس کا براہِ راست اور بھیانک نقصان خود ان کے اپنے قیدی کو ہی اٹھانا پڑے گا۔
ریاست اور قانون کے محافظوں نے واضح کر دیا ہے کہ ملک کا نظام کسی سیاسی جماعت کی خواہشات یا ان کے دباؤ پر نہیں چلتا، اس لیے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے باز آئیں ورنہ قانون کا شکنجہ ان کی تمام سیاسی چالوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دے گا۔





