قبضہ مافیا کے دن لاد دیے گئے، میر علی میں انتظامیہ کا سخت کریک ڈاؤن، غیر قانونی تعمیرات مٹی میں ملا دیں

میر علی: شمالی وزیرستان کے اہم تجارتی اور تاریخی قصبے میر علی میں سال 2014 کے بعد پہلی مرتبہ تاریخ ساز گرینڈ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی اداروں اور بلدیاتی محکموں نے مشترکہ طور پر متحرک ہو کر سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا کے پنجے سے آزاد کرانے اور بند پڑی عوامی گزرگاہوں کو واگزار کرانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، جس سے پورے علاقے میں قانون کی رٹ بحال ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سالہا سال سے سرکاری املاک اور عوامی راستوں پر قابض عناصر کے خلاف اس سخت گیر کارروائی کا بنیادی مقصد عوام کے لیے نقل و حرکت کو آسان بنانا اور میر علی کو ایک منظم شہر بنانا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر غیر قانونی تعمیرات نے ٹریجک اور کاروباری سرگرمیوں کو مفلوج کر رکھا تھا، تاہم اب صوبائی حکومت اور مقامی اداروں کی آہنی پالیسی کے تحت اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے معدنی خزانوں پر عالمی سرمایہ کاروں کی نظریں، پنجاب میں 5 ارب روپے تک فنانسنگ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت

گرینڈ آپریشن کے پہلے مرحلے میں بھاری مشینری کی مدد سے سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی دکانیں، پختہ شیڈز اور دیگر ناجائز تجاوزات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔

اس اقدام سے نہ صرف تمام اہم عوامی راستے اور گلیاں پوری طرح کشادہ ہو گئی ہیں بلکہ پیدل چلنے والوں اور تاجروں کو بھی آمدورفت میں بڑی ریلیف اور سہولت مل رہی ہے۔

مقامی عوام نے اس جرأت مندانہ اور فیصلہ کن اقدام پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے دوٹوک الفاظ میں عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی مفاد کے ان منصوبوں اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جاری یہ گرینڈ آپریشن کسی دباؤ کے بغیر بلا تعطل اور آخری تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

حکومت کا یہ سخت مؤقف اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اب کسی بھی قبضہ مافیا یا قانون شکن عناصر کو سرکاری زمینوں پر ڈیرے جمانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top