کاغذوں کے فقیر، حقیقت میں ارب پتی، اسعد محمود کے جعل ساز گوشواروں اور شاہانہ طرزِ زندگی پر عوام کا کڑا احتساب کا مطالبہ

اسلام آباد : ملک بھر کے شہریوں نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کے مالی گوشواروں میں ظاہر کردہ ماہانہ اخراجات اور ان کے شاہانہ طرزِ زندگی میں پائے جانے والے شرمناک تضاد پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ان کی مبینہ کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف فی الفور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ملک کے طول و عرض بشمول خیبر پختونخوا کے اضلاع کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، کوہاٹ، سندھ، جنوبی پنجاب، ملتان، لاہور اور کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں سے عوام نے ایک عوامی سروے کے دوران اسعد محمود کے الیکشن کمیشن میں جمع کردہ گوشواروں اور جائیدادوں میں موجود تضاد پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

غیور شہریوں کا دو ٹوک الفاظ میں کہنا ہے کہ کوئی بھی سیاستدان ’مقدس گائے‘ نہیں ہے، اور اسعد محمود کی سرکاری تنخواہ، ظاہری اور پسِ پردہ نامی و بے نامی جائیدادوں میں اربوں روپے کا واضح فرق موجود ہے، اس لیے ہر کرپٹ عناصر کو اپنی لوٹ مار کا حساب دینا ہی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : قبضہ مافیا کے دن لاد دیے گئے، میر علی میں انتظامیہ کا سخت کریک ڈاؤن، غیر قانونی تعمیرات مٹی میں ملا دیں

عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر نے اپنے جمع کروائے گئے مالی گوشواروں میں ماہانہ گھریلو اخراجات محض ایک لاکھ بیس ہزار روپے ظاہر کیے ہیں، جو زمینی حقائق، ان کی شاندار پرتعیش زندگی، پرتعیش محلات اور مہنگی ترین گاڑیوں کے فخریہ مظاہرے سے قطعی مطابقت نہیں رکھتے۔

مقامی شہریوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ایک طرف تو گوشواروں میں انتہائی مضحکہ خیز حد تک کم اخراجات دکھائے گئے ہیں، جبکہ دوسری طرف ان کے ہاتھ میں صرف پانچ لاکھ روپے مالیت کا انتہائی قیمتی اور لگژری موبائل فون نظر آتا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے جعلی اور فریب پر مبنی گوشوارے جمع کروانا سیدھا سیدھا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور قانون کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اسعد محمود کی بے نامی جائیدادوں، شاہانہ گاڑیوں اور اس عیش و عشرت کا زمینی جائزہ لیا جائے تو ایک لاکھ بیس ہزار روپے ماہانہ میں تو ان کی لگژری گاڑیوں کے صرف پیٹرول کا خرچہ بھی پورا نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں مبینہ گھر، کروڑوں کی گاڑیاں اور کرایہ آمدن کے ریکارڈ، اسعد محمود کے ٹیکس گوشواروں پر مبہم تفصیلات سامنے آ گئیں

عوام نے سلگتے ہوئے سوالات اٹھائے ہیں کہ اتنے محدود ظاہری وسائل میں یہ کروڑوں کے شاہانہ اخراجات کیسے اٹھائے جا رہے ہیں اور یہ مبینہ کالا دھن کہاں سے آ رہا ہے؟

گفتگو کے دوران شہریوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جب موصوف وزارتِ مواصلات کے منصبِ اقتدار پر قابض تھے، تو اس دوران ہونے والی مبینہ سیاسی بھرتیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدترین بدعنوانیوں کی فائلیں بھی دوبارہ کھولی جانی چاہئیں۔

عوامی حلقوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سارے اسکینڈل کی مکمل اور غیر جانبدارانہ چھان بین کی جائے تاکہ یہ عیاں ہو سکے کہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تفصیلات کتنی جھوٹی ہیں، اور جو بے نامی جائیدادوں کے انبار سامنے آ رہے ہیں، ان کے اخراجات کس قبیح اور غیر قانونی ذرائع سے پورے کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عوام کا یہ شدید ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ اب پبلک آفس ہولڈرز کی مالی جعلسازی اور حقیقی معیارِ زندگی کے درمیان پائے جانے والے اس تضاد کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top