نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ نئے موسمی الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کا امکان برقرار رہے گا۔
اس دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش، پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر پھسلن کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو اور بہاولپور سمیت ملحقہ علاقوں میں رات کے اوقات میں دھند اور سموگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام یا رات کے وقت کراچی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے، البتہ شام یا رات کے وقت خضدار، لسبیلہ اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت:مقامی پولیس،پولیس امن کمیٹی اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، دو مطلوب افراد ہلاک
این ڈی ایم اے کی جانب سے انتباہ کیا گیا ہے کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ متعلقہ ادارے ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی صورتحال اور دیگر موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ رہیں۔





