پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کلگام میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف چلائے جانے والے منظم پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزام تراشی کو دوٹوک الفاظ میں یکسر مسترد کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ نئی دہلی کی ایماء پر بھارتی ذرائع ابلاغ ایک بار پھر خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے اور حقائق پر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹی کہانیاں گھڑ رہے ہیں۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا پر کلگام واقعے کے حوالے سے نشر ہونے والی تمام تر خبریں سراسر جھوٹ، من گھڑت اور بے سروپا قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشنز جیسے پرانے ہتھکنڈوں کا سہارا لے کر بغیر کسی تحقیق یا ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کرنا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے بلکہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام کوشش بھی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بھارتی پروپیگنڈے کے طریقہ واردات کو بے نقاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ اس مہم کو ایک طے شدہ منصوبے کے تحت دو مرحلوں میں چلایا گیا۔
پہلے مرحلے میں سوشل میڈیا پر مخصوص اکاؤنٹس اور بوٹ نیٹ ورکس کے ذریعے گمراہ کن مواد اور جھوٹے دعوے پھیلائے گئے اور اس کے فوری بعد دوسرے مرحلے میں بھارتی الیکٹرانک میڈیا نے اسی من گھڑت بیانیے کو بریکنگ نیوز بنا کر آگے بڑھایا۔
ذرائع کے مطابق کلگام میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) پر حملے سے متعلق بے بنیاد خبریں چلانا ہندوتوا رجیم کے حامی بھارتی میڈیا کا ایک انتہائی پرانا اور فرسودہ ہتھکنڈا بن چکا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت اس وقت اپنے ملک کے اندر شدید اندرونی انتشار، معاشی و سماجی مسائل، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور گہری سیاسی تفریق کا شکار ہے اور ان داخلی بحرانوں سے عالمی و مقامی توجہ ہٹانے کے لیے نئی دہلی ایک بار پھر انہی پرانے میڈیا ہاؤسز اور مخصوص چہروں کو استعمال کر رہا ہے۔
پاکستانی ذرائع نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرنے کے لیے اسی پرانے اسکرپٹ اور روایتی حربوں کا سہارا لیا جا رہا ہے جو ماضی میں بھی متعدد بار عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔
بھارتی ادارے مقبوضہ وادی میں اپنی سکیورٹی ناکامیوں اور مقامی آبادی کی مزاحمت کو چھپانے کے لیے ہر واقعے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع کلگام میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں تین بھارتی سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
اس واقعے کے چند ہی لمحوں بعد بھارتی ذرائع ابلاغ میں حسبِ روایت پاکستان پر الزامات عائد کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جس پر اب پاکستانی سکیورٹی ذرائع کی جانب سے یہ مفصل اور دوٹوک ردعمل سامنے آیا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے اس بروقت اور واضح موقف کے بعد دفاعی تجزیہ کاروں، سفارتی ماہرین اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھی بھارتی میڈیا کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
دفاعی مبصرین کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی سکیورٹی واقعے کے فوری بعد بغیر کسی زمینی ثبوت یا تحقیقات کے پاکستان کا نام لینا بھارتی ذرائع ابلاغ کا پرانا وتیرہ ہے جس کا بنیادی مقصد مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اپنی سکیورٹی فورسز کی ناکامیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہوتا ہے۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی گودی میڈیا کا کردار اب عالمی سطح پر کسی سے ڈھکا چھپا نہیں رہا اور فیک نیوز کے ذریعے خطے کے امن کو داؤ پر لگانا انتہائی تشویشناک امر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا اہم فیصلہ، ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں ٹرینی رجسٹرار کی تمام آسامیاں منسوخ کر دی گئیں!
دوسری جانب شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے دوٹوک بیان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر محاذ پر بھارت کے جھوٹے بیانیے اور فالس فلیگ ہتھکنڈوں کو بے نقاب کیا ہے۔
عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری اور بین الاقوامی میڈیا واچ ڈاگ اداروں کو بھارتی ذرائع ابلاغ کی جانب سے پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ خطے میں کشیدگی پھیلانے والی ایسی منظم مہمات کا مستقل سدباب ہو سکے۔





