انسانی حقوق کے تحفظ اور فوری ازالے کے لیے خیبرپختونخوا پولیس اور محکمہ قانون کا تاریخی اشتراک: 13 اداروں کو منسلک کرنے والی ڈیجیٹل پورٹل قائم

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے قانون، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید کی خصوصی ہدایات پر انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی شکایات کے موثر ازالے کے لیے پولیس اور محکمہ قانون و انسانی حقوق کے درمیان ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں آئی جی پی آفس کی ایس ایس پی کمپلینٹ سیل شاہزادی نوشاد نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لاء اینڈ ہیومن رائٹس کا دورہ کیا جہاں شکایات کے ازالے کے موجودہ نظام اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایس ایس پی شاہزادی نوشاد نے اپنے دفتر میں موصول ہونے والی شکایات کی چار اہم اقسام جن میں عمومی شکایات، پولیس اسسٹنس لائن (PAL)، پاکستان سٹیزن پورٹل اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات شامل ہیں کے طریقہ کار اور متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس نے مشیر عامر جاوید کے وژن اور ہدایات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انسانی حقوق کے تحفظ، اداروں کے مابین موثر رابطہ کاری اور شہریوں کی متعلقہ اداروں تک براہِ راست رسائی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس مقصد کے لیے مختلف انسانی حقوق کے اداروں کے ناموں، خدمات اور رابطہ نمبرز پر مشتمل آگاہی بینرز تیار کیے گئے ہیں تاکہ شہری اپنی شکایات کے اندراج اور داد رسی کے لیے متعلقہ فورمز تک باآسانی رسائی حاصل کر سکیں۔

ایس ایس پی شاہزادی نوشاد نے اس اقدام کو سراہا جبکہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیے تیار کردہ آگاہی بینرز ان کے حوالے کیے گئے جنہیں صوبے بھر میں ضلعی پولیس افسران (ڈی پی او) کے دفاتر کے باہر آویزاں کیا جائے گا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے انسانی حقوق کے شعبے میں ایک مربوط ڈیجیٹل پورٹل قائم کی گئی ہے، جس کے ذریعے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے 13 متعلقہ اداروں کو باہم منسلک کیا گیا ہے۔

اس نظام کے تحت کسی ادارے کو موصول ہونے والی ایسی شکایت جو اس کے دائرہ اختیار میں نہ آتی ہو اسے متعلقہ ادارے کو ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کیا جا سکے گا تاکہ کوئی بھی شکایت غیر ضروری تاخیر یا عدم توجہی کا شکار نہ ہو۔

اس ڈیجیٹل نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے دیگر متعلقہ محکموں بالخصوص محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کو بھی اس کے دائرہ کار میں شامل کیا گیا ہے جہاں ان محکموں کے فوکل پرسنز نامزد کیے گئے ہیں اور شکایات کی بروقت منتقلی اور پیروی کے لیے متعلقہ رابطہ تفصیلات بھی مرتب کر لی گئی ہیں۔

مشیر عامر جاوید کی ان کاوشوں کا بنیادی مقصد عوامی آگاہی میں اضافہ، اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری، شکایات کی بروقت منتقلی اور شہریوں کو انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث فضائی آپریشن معطل، ہزاروں پروازیں متاثر اور گراؤنڈ اسٹاپ نافذ

عوامی حلقوں، سماجی کارکنوں اور شہریوں نے حکومتِ خیبرپختونخوا، مشیر قانون عامر جاوید اور پولیس و محکمہ قانون کے اس مشترکہ اور عوام دوست اقدام کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس اسسٹنس لائن، سٹیزن پورٹل اور 13 اہم اداروں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منسلک کرنے سے عام آدمی کی داد رسی میں حائل تمام روایتی رکاوٹیں ختم ہو جائیں گی۔

عوام کا مزید کہنا ہے کہ شکایات کی غلط منتقلی یا تاخیر کے خاتمے کے لیے یہ مربوط ڈیجیٹل نظام اور ضلعی سطح پر آگاہی بینرز کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی ریلیف کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔

Scroll to Top