خیبر:ضلع خیبر کی سب ڈویژن جمرود میں عوام کو مہنگائی کے عذاب سے بچانے اور پٹرولیم مصنوعات کی مقررہ قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کی خصوصی ہدایات پر انتظامی ٹیموں نے مختلف پٹرول پمپس کا ہنگامی معائنہ کیا، جس دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب شہریوں کی طرف سے مسلسل شکایات مل رہی تھیں کہ کچھ عناصر سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر پٹرول فروخت کر رہے ہیں اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی سخت ہدایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انتظامیہ نے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والے 3 پٹرول پمپس کو موقع پر ہی سیل کر دیا۔ انتظامیہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ قوانین کی دھجیاں اڑانے والے پمپ مالکان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور صوبے بھر میں سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو فول پروف بنانے کے لیے فالو اَپ انسپکشن کا سلسلہ بھی باقاعدگی سے جاری رہے گا۔
گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوامی ریلیف اور فلاحی اقدامات کا نیا باب
رپورٹ کے مطابق صوبے میں انتظامی تبدیلیوں بالخصوص گورنر راج کے نفاذ کے بعد انتظامی مشینری اور سرکاری ادارے عام شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے پوری طرح متحرک نظر آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : انگلی میں سوئی چبھونے سے نجات؟ شوگر چیک کرنے کی جدید ٹیکنالوجی متعارف
موجودہ انتظامی سیٹ اپ کا بنیادی ہدف عوام کو مکمل تحفظ، پائیدار امن، ترقیاتی عمل کی بحالی اور کرپشن سے پاک نظام فراہم کرنا ہے۔ عوام کو مہنگائی کے جن سے نجات دلانا اور ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے اس کریک ڈاؤن کو انتہائی سراہا گیا ہے، کیونکہ طویل عرصے سے عوام منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھوں استحصال کا شکار تھے۔
ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ غریب عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات اور اقتصادی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔





