کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری:آئی سی سی نے 2028 سے 2035 تک کرکٹ کے میگا ایونٹس کا شیڈول جاری کردیا!

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2035 تک ہونے والے مینز کرکٹ کے بڑے عالمی ایونٹس کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 2028 کے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ہوگا اور اختتام 2035 کے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ پر ہوگا۔

اتوار کے روز آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا کہ انڈونیشیا کے شہر بالی میں منعقدہ اجلاس کے دوران آئی سی سی بورڈ نے آئندہ دہائی کے بڑے عالمی ٹورنامنٹس کے کیلنڈر کی حتمی منظوری دی۔

اس طویل المدتی شیڈول میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ، مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق آئندہ سال یعنی 2027 میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون تک انگلینڈ کے تاریخی میدان دی اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی سال آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 7 اکتوبر سے 21 نومبر تک شیڈول ہے جس کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔

منظور شدہ نئے سائیکل کا آغاز 2028 کے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ہوگا جو 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔

2029:
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 8 سے 12 جون تک انگلینڈ میں منعقد ہوگا، جبکہ اسی سال 9 سے 28 اکتوبر تک آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھارت کرے گا۔

2030:
مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 4 جولائی سے 4 اگست تک کھیلا جائے گا، جس کی میزبانی انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ مشترکہ طور پر سنبھالیں گے۔

2031:
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 12 سے 16 جون تک انگلینڈ میں ہوگا، جبکہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 9 اکتوبر سے 23 نومبر تک بھارت اور بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی نے 2032 سے 2035 تک ہونے والے ایونٹس کی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا ہے، تاہم ان ٹورنامنٹس کے میزبان ممالک کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا:

2032:
مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 14 اکتوبر سے 14 نومبر تک ہوگا۔

2033:
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل 9 سے 13 جون تک، جبکہ مینز چیمپئنز ٹرافی 2 سے 23 اکتوبر تک شیڈول ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کی پائیدار معاشی ترقی کی جانب مضبوط قدم: عالمی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی برآمدات میں 8.8 فیصد کا شاندار اضافہ!

2034:
مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 6 جولائی سے 6 اگست تک کھیلا جائے گا۔

2035:
اس سائیکل کے آخری سال میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل 7 سے 11 جون تک ہوگا، جبکہ میگا ایونٹ یعنی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 18 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top