وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے سیاسی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس معاملے پر اتفاق رائے طے پانے کے بعد ملکی سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو جائے گا۔
لاہور میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے کسی کی سیاست کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے بلکہ یہ اقدام پاکستان کے مستقبل اور انتظامی بہتری کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ثابت ہوگا۔
اس معاملے پر کسی دباؤ یا پس پردہ کردار کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ نئے صوبوں پر بات کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کبھی نہیں کہا گیا تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بنانے کا حتمی طریقہ کار فی الحال انہیں معلوم نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اگر وہ اس معاملے پر آمادہ ہو جائیں تو اس سے خود ان کے لیے بھی نئے سیاسی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
سیاسی مشاورت کے عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہونے والی ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری:آئی سی سی نے 2028 سے 2035 تک کرکٹ کے میگا ایونٹس کا شیڈول جاری کردیا!
ان کا کہنا تھا کہ سیاست ممکنات کا نام ہے اور قوی امید ہے کہ مشاورت سے کوئی قابل قبول حل نکل آئے گا۔
وزیر دفاع نے مزید پیش گوئی کی کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران تمام تحفظات اور خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہو جائیں گے جبکہ نئے سال میں ملک میں ایک نیا نظام بھی سامنے آ سکتا ہے۔





