شادی کی خوشیاں حوالات میں تبدیل؛ پشاور میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر 4 دلہوں سمیت 11 ملزمان گرفتار

پشاور: پشاور پولیس نے شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 4 دلہوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر کے لاک اپ میں بند کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں تھانہ داؤدزئی، ناصر باغ، متنی، بڈھ بیر، ارمڑ اور پشتخرہ کی حدود میں عمل میں لائی گئیں، جہاں شادی کی تقریبات کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی کھلے عام نمائش کی جا رہی تھی۔

کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان کے قبضے سے ہوائی فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے تمام 11 ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قابض طالبان رجیم کی بربریت بے نقاب، افغان خواتین ہسپتالوں میں علاج کو ترس گئیں، جبکہ پاکستان میں بہنے والے ہر بے گناہ خون کے پیچھے بھی کابل کا مکروہ ہاتھ نکلا

پشاور پولیس نے شہریوں کے نام اپنے واضح پیغام میں خبردار کیا ہے کہ شادی کی خوشیاں ضرور منائیں لیکن اپنی خوشی کی خاطر کسی دوسرے کی قیمتی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

پولیس حکام نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کی جگہ سیدھا جیل ہوگی۔

Scroll to Top