گندم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

لاہور:پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، مختلف شہروں میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2650 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ گندم کی قلت کا خدشہ بھی بڑھنے لگا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ کر 5 ہزار 900 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاہور میں گندم 5 ہزار 750 روپے اور راولپنڈی و اسلام آباد میں 5 ہزار 920 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے۔

گندم کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات آٹے کی مارکیٹ پر بھی پڑنے لگے ہیں۔ لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی ہول سیل قیمت 2500 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں یہی تھیلا 2650 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ زراعت نے رواں سال گندم کی پیداوار میں کمی اور 25 لاکھ ٹن کے شارٹ فال کی تصدیق کردی ہے، جبکہ ٹی سی پی کی جانب سے گندم درآمد کرنے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم کرنے کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آسکے۔

یہ بھی پڑھیں : انٹربینک میں روپے کا راج برقرار، ڈالر مزید نیچے آ گیا

فلور ملز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ہنگامی بنیادوں پر 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلور ملز کے مطابق حکومتوں نے بروقت اقدامات نہ کیے تو آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

مارکیٹ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافے اور پیداوار میں کمی کا بحران شدت اختیار کرکے آٹے کی دستیابی کے بحران میں بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔

Scroll to Top