وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہونے والا اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس خطے کی سفارتی اور معاشی تاریخ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس اہم ترین بیٹھک کے اختتام پر رکن ممالک نے نہ صرف آئندہ ایک دہائی کے معاشی روڈ میپ یعنی اسٹریٹجک اہداف 2035 کی باضابطہ توثیق کر دی ہے بلکہ اسلام آباد اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جو خطے میں باہمی تجارت اور علاقائی انضمام کے لیے ایک بنیادی دستاویز کی حیثیت رکھے گا۔
اجلاس کا سب سے نمایاں پہلو مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں منڈلاتے جنگ کے خطرات کو ٹالنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا کھلا اعتراف تھا۔
رکن ممالک نے ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان اور قطر کی مشترکہ ثالثی کو بھرپور انداز میں سراہا۔
شرکاء نے اسلام آباد امن مذاکرات اور اس کے نتیجے میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی فتح قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خطے کو تصادم سے بچانے کے لیے مذاکرات کا یہ سلسلہ ہر صورت جاری رہنا چاہیے۔
اجلاس میں تنظیم کی آئندہ قیادت کے حوالے سے بھی بڑے فیصلے کیے گئے جس کے تحت پاکستان 2026ء اور 2027ء کے لیے ای سی او کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔
اپنی صدارت کے دوران پاکستان علاقائی روابط کو مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے پر خصوصی توجہ دے گا۔
مزید برآں طے پانے والے شیڈول کے مطابق تنظیم کا 18واں سربراہی اجلاس رواں برس 3 اور 4 دسمبر 2026 کو ایران میں منعقد ہوگا جبکہ 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کا اعزاز 2027ء میں پاکستان کو حاصل ہوگا۔
خطے کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے رکن ممالک نے توانائی، ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل رابطوں اور تجارت کے شعبوں میں رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا۔
سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے خطے میں مشترکہ تجارتی زونز قائم کرنے کی تجویز کو بھی عملی جامہ پہنانے پر زور دیا گیا۔
ثقافتی اور سیاحتی محاذ پر پاکستان کے لیے ایک اور خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں اجلاس نے لاہور کو 2027ء اور ملکہ کوہسار مری کو 2028ء کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت نامزد کر دیا ہے، جس سے پاکستان میں بین الاقوامی سیاحت کو زبردست فروغ ملے گا۔
اسلام آباد اعلامیے میں عالمی و علاقائی مسائل پر بھی دوٹوک موقف اپنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ہزارہ ڈویژن میں خواتین کے حقوق کا تحفظ، خاتون محتسب رباب مہدی اور کمشنر شاہ رخ علی کے درمیان اہم ملاقات میں بڑے فیصلے
رکن ممالک نے غزہ کی ابتر انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں فوری امداد کی فراہمی، جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں کسی بھی ملک کے خلاف یکطرفہ پابندیوں اور معاشی دباؤ کے ہتھکنڈوں کو یکسر مسترد کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں افغانستان کی ای سی او سرگرمیوں میں شرکت کے معاملے پر رکن ممالک کے درمیان مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ خطے میں جھوٹی خبروں کے تدارک اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے میڈیا کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا عزم بھی دہرایا گیا۔





