بیرونِ ملک روزگار کے متلاشی پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک ایسی خوشخبری سامنے آئی ہے جس نے لاکھوں بے روزگار افراد میں امید کی نئی کرن جگا دی ہے۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (OEC) اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کی جانب سے جنوبی کوریا جا کر پرکشش تنخواہوں اور عالمی معیار کی سہولیات کے ساتھ روزگار حاصل کرنے کے خواہشمند خواتین و حضرات کے لیے باقاعدہ راستہ ہموار کر دیا گیا ہے جس کے تحت کورین لینگویج کلاسز کے داخلوں کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں روزگار کے حصول کے لیے بنیادی شرط یعنی کورین لینگویج سیکھنے کا نادر موقع فراہم کر دیا گیا ہے۔
حکومتی سرپرستی میں شروع ہونے والے اس پروگرام کا مقصد پاکستانی افرادی قوت کو باعزت اور قانونی طریقے سے جنوبی کوریا بھجوانا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق کورین لینگویج کلاسز کے لیے داخلے اس وقت جاری ہیں۔ اس خصوصی کورس کا دورانیہ محض 45 دنوں پر مشتمل رکھا گیا ہے تاکہ امیدوار کم وقت میں زبان پر عبور حاصل کر سکیں۔
کورس کی مجموعی فیس انتہائی مناسب یعنی 12,000 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ملازمت پیشہ افراد اور طلباء کی سہولت کے پیشِ نظر صبح اور شام دو الگ الگ اوقات میں کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدواروں کی عمر کی حد 18 سے 39 سال مقرر کی گئی ہے جس میں خواتین و حضرات دونوں درخواست دینے کے اہل ہیں۔
جنوبی کوریا جانے والے خوش نصیب افراد کو ملنے والے مراعات کسی خواب سے کم نہیں۔
حکام کے مطابق منتخب امیدواروں کو 4 سال اور 10 ماہ کے طویل مدتی ورک ویزے پر کوریا بھیجا جائے گا۔ وہاں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ابتدائی بنیادی تنخواہ 4 سے 5 لاکھ روپے ماہانہ کے درمیان ہوگی جبکہ اوور ٹائم کی رقم اس کے علاوہ ادا کی جائے گی۔
اس سے بھی بڑھ کر ملازمین کو رہائش، بہترین میڈیکل سہولیات اور تین وقت کا کھانا متعلقہ کمپنی کی جانب سے بالکل مفت فراہم کیا جائے گا جس سے کمائی گئی رقم کی بچت یقینی ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پولیو کے خلاف جنگ ، غفلت کی کوئی گنجائش نہیں : چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوٹوک الٹی میٹم
وزارتِ اوورسیز پاکستانیز نے خواہشمند شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ایجنٹ کے ہتھے چڑھنے کے بجائے براہِ راست سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔
داخلوں اور کورس کے طریقہ کار سے متعلق مزید معلومات کے لیے شہری دفتری اوقات میں لینڈ لائن نمبر 042-99250532 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





