میرعلی میں پاک فوج اور عوام کا لازوال اتحاد؛ قبائلی عمائدین کی مشاورت اور بچوں کی جوانوں سے والہانہ محبت نے تاریخ رقم کردی!

امن دشمن عناصر کے تمام تر پروپیگنڈے کو ناکام بناتے ہوئے شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں پاک فوج اور مقامی آبادی کے درمیان لازوال محبت اور اعتماد کا ایک ایسا منظر دیکھنے میں آیا ہے جس نے علاقے میں پائیدار امن کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

مقامی مسجد میں پاک فوج کے کمانڈر اور قبائلی عمائدین کی اہم ملاقات کے بعد جب فوجی جوان مقامی بچوں میں گھل مل گئے تو خوشی اور مسرت کے ایسے یادگار لمحات تخلیق ہوئے جنہوں نے ہر دیکھنے والے کو متاثر کر دیا۔

پاک فوج اور مقامی عوام کے درمیان مثالی ہم آہنگی اور مضبوط روابط کے تسلسل میں پاک فوج کے مقامی کمانڈر نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کی ایک مقامی مسجد میں اہلِ علاقہ اور معزز قبائلی عمائدین سے خصوصی ملاقات کی۔

اس اہم نشست میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان کی بحالی و بہتری اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل کے فوری حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مقررین اور شرکاء نے اسلام کی حقیقی تعلیمات کی روشنی میں باہمی اتحاد، بھائی چارے، برداشت، اخوت اور رواداری کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

شرکاء نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ دینِ اسلام امن، محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، اور خطے میں پائیدار امن و ترقی کے حصول کے لیے پورے معاشرے کا آپس میں متحد رہنا ناگزیر ہے۔

اس دورے کا سب سے دلکش اور یادگار پہلو مقامی بچوں کا پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ والہانہ اظہارِ محبت تھا۔ بچوں نے فوجی اہلکاروں کو اپنے درمیان پا کر بے پناہ خوشی کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ نہایت خوشگوار لمحات گزارے۔

اس موقع پر فوجی جوانوں نے بچوں میں تحائف اور کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سیلاب ہو یا عوام کے بنیادی مسائل، پاک فوج ہمیشہ صفِ اول میں

خوشی کے اس ماحول میں ایک ننھے بچے نے فوجی جوانوں کو دیکھ کر جوش و مسرت سے اپنے منفرد انداز میں دلچسپ کرتب دکھائے جس سے محفل میں قہقہے گونج اٹھے اور ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔

علاقہ مکینوں اور مبصرین کے مطابق پاک فوج اور مقامی آبادی کے درمیان بڑھتا ہوا یہ باہمی اعتماد، تعاون اور مضبوط رابطہ شمالی وزیرستان میں مکمل امن، بھائی چارے اور معاشرتی استحکام کی مضبوط ترین ضمانت ثابت ہو رہا ہے۔

Scroll to Top