جاپانی کار ساز کمپنی ٹویوٹا نے ملائیشیا میں اپنی مقبول ہیچ بیک گاڑی یارس کا 2027 ماڈل متعارف کرا دیا ہے، جس میں بیرونی ڈیزائن، انٹیریئر اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ملائیشیا میں ٹویوٹا گاڑیوں کی فروخت کرنے والی کمپنی یو ایم ڈبلیو ٹویوٹا موٹر کے مطابق نئے ماڈل کو دو ویریئنٹس 1.5 ای اور 1.5 جی میں پیش کیا گیا ہے۔نئی ٹویوٹا یارس کے فرنٹ ڈیزائن میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس میں نیا فرنٹ بمپر، ایل ای ڈی ہیڈ لیمپس اور ایل ای ڈی ڈے ٹائم رننگ لائٹس شامل ہیں۔
دونوں ویریئنٹس میں پروجیکٹر ہیڈ لیمپس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔گاڑی کے پچھلے حصے میں نیا ریئر بمپر، میٹ فنش کاربن فائبر ٹرم کے ساتھ ریئر اسکیڈ پلیٹ اور ایل ای ڈی لائٹ بار شامل کی گئی ہے، جبکہ نئے ڈیزائن کے 16 انچ الائے ویلز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
کمپنی نے گاڑی کے لیے اختیاری ایرو کٹ بھی پیش کی ہے، جس میں فرنٹ ڈفیوزر، سائیڈ اسکرٹس اور پچھلے بمپر کے نچلے حصے میں اضافی ڈیزائن شامل ہیں۔
نئی ٹویوٹا یارس کی قیمت کیا ہوگی؟
ملائیشیا میں نئے یارس 2027 کے 1.5 ای ویریئنٹ کی قیمت 90 ہزار 400 ملائیشین رنگٹ جبکہ 1.5 جی ویریئنٹ کی قیمت 96 ہزار 400 رنگٹ مقرر کی گئی ہے۔ یہ قیمتیں انشورنس کے بغیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دسویں بار کمی، دونوں مصنوعات 2، 2 روپے فی لیٹر سستی
گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 1.5 ای کی قیمت میں 2 ہزار 400 رنگٹ جبکہ 1.5 جی کی قیمت میں 4 ہزار 800 رنگٹ اضافہ کیا گیا ہے۔
انٹیریئر اور جدید ٹیکنالوجی میں بھی تبدیلیاں
نئی ٹویوٹا یارس کے اندرونی حصے میں اہم اضافہ 9 انچ کے نئے ڈسپلے آڈیو سسٹم کا ہے، جو وائرلیس ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیور کے لیے 4.2 انچ کا ملٹی انفارمیشن ڈسپلے بھی دیا گیا ہے۔
1.5 جی ویریئنٹ میں نئی اسپورٹ سیٹس متعارف کرائی گئی ہیں، جنہیں موڑ کاٹتے وقت بہتر سپورٹ اور آرام فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں سیاہ لیدرٹ اپہولسٹری کے ساتھ سرمئی رنگ کی سلائی بھی شامل ہے۔
دونوں ویریئنٹس میں وائرلیس اسمارٹ فون چارجر اور پچھلی نشستوں کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ایئر کنڈیشننگ کے حوالے سے 1.5 ای میں مینوئل جبکہ 1.5 جی میں آٹومیٹک سسٹم دیا گیا ہے۔
انجن اور حفاظتی فیچرز پہلے جیسے برقرار
ٹویوٹا نے نئے ماڈل کے انجن اور ٹرانسمیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ دونوں ویریئنٹس میں 1.5 لیٹر کا 2NR-FE نیچرل ایسپریٹڈ پیٹرول انجن دیا گیا ہے، جو 107 ہارس پاور اور 140 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔
انجن کے ساتھ سی وی ٹی ٹرانسمیشن فراہم کی گئی ہے۔حفاظتی سہولیات میں سات ایئر بیگز، پری کولژن سسٹم، لین ڈیپارچر الرٹ، تھری ڈی پینورامک ویو مانیٹر، بلائنڈ اسپاٹ مانیٹر اور ریئر کراس ٹریفک الرٹ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : انٹربینک میں روپے کا راج برقرار، ڈالر مزید نیچے آ گیا
نئے ماڈل میں پارکنگ سینسرز کے حوالے سے بھی بہتری کی گئی ہے۔ اب 1.5 ای ویریئنٹ میں بھی اگلے اور پچھلے دونوں حصوں کے لیے پارکنگ سینسرز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ گزشتہ ماڈل میں فرنٹ پارکنگ سینسرز موجود نہیں تھے۔
کیا نئی ٹویوٹا یارس پاکستان میں بھی آئے گی؟
پاکستان میں ٹویوٹا یارس سیڈان پہلے ہی مقامی طور پر اسمبل اور فروخت کی جا رہی ہے، تاہم ملائیشیا میں متعارف کروائی گئی یارس ہیچ بیک اس سے مختلف گاڑی ہے۔
ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کی جانب سے فی الحال اس نئے ہیچ بیک ماڈل کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔اس لیے ملائیشیا میں 2027 ماڈل کی رونمائی کو پاکستان میں اس گاڑی کی آمد کی تصدیق نہیں سمجھا جاسکتا۔





