پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دسویں بار کمی، دونوں مصنوعات 2، 2 روپے فی لیٹر سستی

اسلام آباد:حکومت نے عوام کو معمولی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 2، 2 روپے فی لیٹر کمی کردی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے جبکہ ڈیزل 358 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ 

نئی قیمتوں کا اطلاق 17 نومبر (منگل) سے ہوگا۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ مسلسل دسویں کمی ہے، جس سے صارفین کو معمولی ریلیف ملے گا۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 330 روپے سے کم کرکے 328 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 360 روپے سے کم کرکے 358 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرول پر 114 اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکس برقرار

قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت پیٹرول پر 114 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔حکومت کی جانب سے 2 نومبر کو اعلان کردہ 30 روزہ انتظام کے تحت آئل ریفائنریز بھی پیٹرولیم لیوی میں حصہ ڈال رہی ہیں، جس کے لیے ریفائنریز مجموعی طور پر 15 ارب روپے کا مالی بوجھ برداشت کریں گی۔

حکومتی انتظام کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں صارفین کو پیٹرول کی قیمت میں 14.71 روپے فی لیٹر تک ریلیف فراہم کرنے کی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔

وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم بھی جاری

حکومت نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے 17 ستمبر کو وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم متعارف کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد: نتھیاگلی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، سوزوکی گاڑی گہری کھائی میں جاگری، خاتون جاں بحق، دو افراد زخمی

اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ کم کیا جاسکے۔

اپریل میں پیٹرول 458 اور ڈیزل 520 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا تھا

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث رواں سال پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 اپریل کو بڑھ کر بلند ترین سطح 520.35 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی، جبکہ 28 فروری کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد ڈیزل کی قیمت 281 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی تھی۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر تھی، جو اضافے کے بعد 3 اپریل کو 458.41 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل

حکومت مارچ کے آغاز سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر ردوبدل کر رہی تھی۔ مشرق وسطیٰ میں تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر حکومت نے ایندھن کے تحفظ اور کھپت میں کمی کے لیے مختلف اقدامات بھی متعارف کرائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : بحرین میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق بڑی سہولت متعارف

وفاقی حکومت نے اپریل میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہدف پر مبنی سبسڈی اقدامات کا اعلان بھی کیا تھا، جن کے تحت مخصوص طبقات کو رعایتی نرخوں پر ایندھن فراہم کرنے کا منصوبہ شامل تھا۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا عوام پر اثر

پیٹرول بنیادی طور پر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں ردوبدل کا براہ راست اثر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر پڑتا ہے۔دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل بھاری ٹرانسپورٹ، بجلی گھروں اور بڑے جنریٹرز میں استعمال ہوتا ہے، جس کے باعث اس کی قیمتوں میں تبدیلی عوام کی بڑی تعداد کو متاثر کرتی ہے۔

ڈیزل مہنگا ہونے سے مال برداری اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھتے ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات حکومت کے لیے آمدن کا بڑا ذریعہ

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل حکومت کے لیے محصولات حاصل کرنے والی اہم ترین پیٹرولیم مصنوعات میں شامل ہیں۔ دونوں مصنوعات کی مجموعی ماہانہ فروخت تقریباً 7 سے 8 لاکھ ٹن ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں مٹی کے تیل کی ماہانہ طلب صرف 10 ہزار ٹن کے لگ بھگ ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی وسیع کھپت کے باعث ان کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل بھی عوامی اخراجات، ٹرانسپورٹ، کاروباری سرگرمیوں اور حکومتی محصولات پر نمایاں اثرات مرتب کرتا ہے۔

Scroll to Top