راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، امن و استحکام اور پاکستان و ایران کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کو درپیش مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف امکانات اور طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سول سیکریٹریٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، 14 افسران و اہلکاروں کے تبادلے
انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران نے خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی رابطے اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔





