اب نہیں چلے گی کوئی من مانی، تھانے کا ہر لمحہ ہوگا ریکارڈ پر، پشاور پولیس حکام کا تمام محرروں کو جدید مانیٹرنگ سسٹم میں لانے کا فیصلہ

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں تھانہ کلچر کی اصلاح اور شہریوں کے ساتھ پولیس کے رویے کو بہتر بنانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے تمام پولیس اسٹیشنز کے محرر عملے کو جدید مانیٹرنگ سسٹم میں لانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 

پشاور پولیس حکام کی جانب سے تمام تھانوں کے محرر (Muharrar) اسٹاف کے کندھوں پر باڈی کیمرے (Body Cameras) لگانے کی سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جس کے تحت تھانے آنے والے سائلین کے ساتھ ہونے والی گفتگو اور رویے کی براہ راست آن لائن نگرانی کی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق اس جدید نظام کے نفاذ کے بعد تھانوں میں آنے والے عام شہریوں اور سائلین کی محرر اسٹاف کے ساتھ ہونے والی تمام تر بات چیت ریکارڈ اور مانیٹر کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ محرروں کے کندھوں پر نصب کیے جانے والے یہ کیمرے براہ راست سیف سٹی سسٹم سے منسلک ہوں گے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (CCPO) آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے بھی ان کیمروں کی لائیو مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : شہرام ترکئی، فیصل ترکئی اور سینیٹر لیاقت ترکئی کے حلقے کھنڈر کا منظر پیش کرنے لگے، طویل اقتدار کے باوجود عوام بنیادی سہولتوں سے محروم

پولیس حکام نے واضح طور پر تنبیہ کی ہے کہ تھانوں میں سائلین کے ساتھ کسی بھی قسم کے نامناسب رویے، بدسلوکی یا اختیارات سے تجاوز کی صورت میں ان کیمروں کی ویڈیو فوٹیج کو بطور ٹھوس قانونی ثبوت استعمال کیا جائے گا، جس سے محکمہ پولیس میں شفافیت، میرٹ اور سخت جوابدہی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔

سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد سے انتظامی سطح پر اٹھائے جانے والے عملی، بروقت اور سخت اقدامات کے مثبت نتائج اب واضح طور پر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

 پولیس اسٹیشنز کے فرسودہ نظام میں جدت لانے اور محرر اسٹاف کو براہ راست مرکزی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کرنے جیسے فیصلے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ متعلقہ ادارے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور صوبے میں گڈ گورننس کے قیام کے لیے سنجیدہ اور عملی کوششیں کر رہے ہیں۔

 پشاور پولیس کے اس عوام دوست اقدام پر شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے بھرپور اطمینان اور خیرمقدم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top