پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی جہانگیر ترین کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں صوبے کے تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ انہوں نے وسائل سے محروم بچوں کی تعلیم کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے اور جہاں تک ممکن ہو سکا، معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو مثبت سمت فراہم کرنا اور تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کی ترقی، معدنی وسائل اور سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اس جنگ کو ہر صورت جیتنا ہوگا۔
پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومت میں پولیس کی 40 ارب روپے کی مانگ پر صرف ایک ارب فراہم کیا گیا تھا، جبکہ موجودہ انتظامیہ نے پولیس کے لیے 70 ارب میں سے 40 ارب روپے فوری جاری کر دیے ہیں۔
اس کے علاوہ پولیس شہداء کے لیے شاندار پیکج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹ کی بجائے ڈیڑھ کروڑ روپے نقد، بیٹیوں کے جہیز کے لیے 10 لاکھ روپے اور بچوں کی مفت تعلیم کے لیے 2 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔
گورنر نے صوبے میں غیر قانونی مائننگ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اکیلے کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ کے ذریعے ماہانہ تقریباً 4.2 ارب روپے کی معدنیات نکالی جا رہی تھیں، جس کا ٹی ٹی پی سے گٹھ جوڑ تھا اور اس آمدن کا 80 فیصد حصہ افغانستان منتقل ہو رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : جوڈیشل این آر او کے لیے ہاتھ پیر مارنے والے عمران خان کی ہر چال ناکام ہو چکی ہے، ثمر ہارون بلور
اس گھناؤنے فعل کے خلاف جوڈیشل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے، اور اب صوبے میں معدنیات کی مائننگ مکمل قانونی طریقہ کار اور صوبائی مائننگ کمپنی کے تحت ہو گی تاکہ اس کے فوائد مقامی آبادی اور صوبے کی ترقی پر خرچ ہوں۔
تقریب اور ورکشاپ کے دوران گورنر نے نوجوانوں کے لیے اسکوٹی اسکیم، ای گیمنگ کے فروغ اور 15 ہزار طلبہ کو فنی تربیت دینے کے ہدف کا اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور اور ضم اضلاع میں تجاوزات کے خاتمے، صفائی مہم، غیر فعال اسکولوں کی بحالی اور آٹے کی قیمتوں پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے۔
ضم اضلاع کے حوالے سے انہوں نے یقین دلایا کہ وہاں ترقیاتی فنڈز مقامی لوگوں کی مشاورت اور وزیراعظم کے ترقیاتی پیکج کے تحت خرچ کیے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ورکشاپ کے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے، جبکہ صحت، خزانہ اور تعلیم سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکاء کو اپنے شعبوں سے متعلق جامع بریفنگ بھی فراہم کی۔





