حمد اللہ
ایبٹ آباد: بدلتا، نکھرتا ،مضبوط خیبر پختونخوا کے تحت ضلع ایبٹ آباد کے تحصیل حویلیاں میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی جانب سے عوام کو بنیادی اشیائے خوردونوش بالخصوص سرکاری آٹے کی بلاتعطل اور منصفانہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ایبٹ آباد عظمیٰ شاہ نے فوڈ انسپکٹر تصور شاہ کے ہمراہ حویلیاں میں مختلف فلور ملز کا ہنگامی اور تفصیلی دورہ کیا۔
اس دورے کا بنیادی مقصد فلور ملز میں سرکاری آٹے کی پیداواری سرگرمیوں، اس کے معیار، مقررہ طریقہ کار کے مطابق تیاری اور ڈیلرز کو آٹے کی شفاف ترسیل کے عمل کا باریک بینی سے جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے فلور ملز کے اندر سرکاری کوٹے پر بننے والے آٹے کی تیاری کے عمل کا براہ راست معائنہ کیا۔
اس موقع پر اس امر کو انتہائی سختی سے یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی کہ سرکاری گندم اور آٹا کسی بھی بے ضابطگی کے بغیر مقررہ نظام اور قواعد و ضوابط کے تحت مستند ڈیلرز تک پہنچایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : گڈ گورننس کیلیے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس ناگزیر، پختونخوا کے کونے کونے سے یک زبان ہو کر پُرزور حمایت کا اعلان
حکام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عام شہریوں کو سستا اور معیاری سرکاری آٹا باقاعدگی سے دستیاب ہو سکے تاکہ مارکیٹ میں کسی بھی قسم کی مصنوعی قلت یا بلیک مارکیٹنگ کی گنجائش باقی نہ رہے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عظمیٰ شاہ نے فلور ملز میں آٹے کی پیداوار اور تقسیم کے پورے نظام کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی محکمہ خوراک عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سرکاری آٹے کی دستیابی کو ہر صورت برقرار رکھنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔
انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ ترسیل کے عمل پر کڑی نظر رکھیں تاکہ حق دار اور عام شہری اس حکومتی سہولت سے بلا رکاوٹ مستفید ہو سکیں۔
ضلعی محکمہ خوراک کی جانب سے عوام کو بنیادی ریلیف فراہم کرنے کے لیے اس طرح کی چیکنگ اور مانیٹرنگ کا عمل آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔





