پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے کہا ہے کہ ملکی دفاع سے لے کر حرمین شریفین کے تحفظ تک پاکستان کا کردار اہم ہے جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پوری قوم کے لیے اولین ترجیح ہے اور قومی مفادات کے تحفظ پر کسی قسم کی لچک نہیں دکھائی جاسکتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے دفاع کے لیے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں مولانا طیب قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر ذمہ دارانہ سفارتی کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں دنیا ایک بڑی جنگ اور تباہی سے محفوظ رہی۔ ان کے مطابق پاکستانی مؤقف کو عالمی برادری میں اہمیت اور احترام حاصل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔
پاکستان کی دفاعی صلاحیت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ عالم اسلام میں بھی اس کے کردار کو نمایاں کیا ہے۔
مولانا طیب قریشی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور معاہدوں کو ملکی سلامتی اور خطے کے امن کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے امن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ ان کے اہل خانہ کے ساتھ پوری قوم یکجہتی رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت میں شراکت داری ہے تو فیصلوں کی ذمہ داری بھی قبول کریں، احسن اقبال نے پیپلز پارٹی کو آئینہ دکھا دیا!
مشیر اوقاف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل اور مشکل جنگ لڑی ہے جس میں فوج، پولیس اور عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
قوم ان قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی اور ملک کے امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے متحد رہے گی۔





