محنت کشوں کا حق کھانے والوں کے خلاف بڑا فیصلہ: گورنر ہاؤس پشاور میں بند کمرے کا بڑا اجلاس، تجاوزات اور جعلی الاٹمنٹ پر فوری ایکشن کا حکم!

خیبرپختونخوا کے محنت کش طبقے کا حق مارنے والے عناصر اور سرکاری اراضی پر قابض مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والے ایک انتہائی اہم اور فیصلہ کن اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ریگی للمہ فلیٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور کرائے پر دینے کے مکروہ دھندے کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بلاتفریق ایکشن کا حکم دے دیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود اور اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات نے جہاں مافیا کی نیندیں حرام کر دی ہیں وہیں غریب مزدوروں کے لیے امید کی نئی کرن بھی روشن کر دی ہے۔

صوبائی حکومت کی بہترین حکمت عملی اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ سے متعلق ایک ہنگامی اور اہم ترین اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر قانون و محنت عامر جاوید اور سیکرٹری محکمہ محنت عبدالباسط سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حکام نے ریگی للمہ پشاور میں محنت کشوں کے لیے تعمیر کردہ رہائشی فلیٹس ان کی یونٹ وائز الاٹمنٹ اور بنیادی سہولیات سے متعلق تہلکہ خیز بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رہائشی کالونیوں میں تجاوزات کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت کا گرینڈ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے جس پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبائی محکمہ محنت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دوٹوک حکم دیا کہ تجاوزات کے خاتمے پر کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فلیٹس صرف حقیقی اور مستحق محنت کشوں کو ہی ملیں گے، جبکہ جعلی الاٹمنٹ یا سرکاری فلیٹس آگے کرائے پر دینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے محنت کشوں کے بچوں کا مستقبل سنوارنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے گورنر نے ہدایت کی کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تمام اسکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز، فرنیچر اور اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

توانائی بحران کے مستقل حل اور اخراجات میں کمی کے لیے صوبائی حکومت کے ویژن کے تحت رہائشی اسکولوں اور فلیٹس کے ٹیوب ویلز کو فوری طور پر سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسا پائیدار نظام لانا ہے جس کے تحت سرکاری ادارے بوجھ بننے کے بجائے مالی طور پر خود کفیل ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے نجی سرمایہ کاری میں اضافہ اور صوبے میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی، فیصل کریم کنڈی

اس سلسلے میں جلوزئی نوشہرہ سمیت دیگر اضلاع میں بورڈ کی قیمتی اراضی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بروئے کار لانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے نہ صرف سرکاری خزانے اور ادارے کی آمدن میں ریکارڈ اضافہ ہوگا بلکہ صوبے کے محنت کش طبقے کو عالمی معیار کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔

Scroll to Top