چترال:دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مکینوں کو صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام چترال میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس سے مقامی آبادی کی بڑی تعداد مستفید ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اس فلاحی طبی کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں اور تجربہ کار پیرامیڈیکل اسٹاف کی ٹیم نے خدمات سرانجام دیں اور مجموعی طور پر 873 مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
کیمپ میں علاج معالجے کی سہولت حاصل کرنے والوں میں 523 خواتین، 205 مرد اور 135 بچے شامل تھے، جنہیں ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے مکمل طبی مشاورت فراہم کی گئی۔
پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی جانب سے مریضوں کو بھرپور ریلیف دیتے ہوئے مجموعی طور پر 7 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی معیاری ادویات بالکل مفت تقسیم کی گئیں۔
علاوہ ازیں مریضوں کی درست تشخیص کے لیے کیمپ میں جدید تشخیصی سہولیات کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا، جس کے دوران 162 لیبارٹری ٹیسٹ، 84 الٹراساؤنڈ، 69 ای سی جی اور 28 ایکسرے بلامعاوضہ کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تربت آمد، کٹھن محاذوں پر ڈٹے جوانوں کے غیر متزلزل عزم کو سراہا
کیمپ کے دوران طبی عملے نے بالخصوص خواتین اور بچوں کی صحت کے مسائل پر خصوصی توجہ دی۔ اس موقع پر شرکاء کو بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص و علامات، ذاتی صفائی ستھرائی کی اہمیت اور موسمی و دیگر متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیشنز کے ذریعے مفید معلومات بھی فراہم کی گئیں۔
علاقہ مکینوں اور مقامی عمائدین نے چترال جیسے دشوار گزار علاقے میں معیاری طبی سہولیات اور مفت تشخیصی ٹیسٹوں کی فراہمی پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے اس اقدام کو صحتِ عامہ اور عوامی فلاح کے لیے انتہائی خوش آئند اور قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز سے اظہارِ تشکر کیا۔





