مشیر گورنر خیبرپختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے مردان پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے کی سیکیورٹی، اصلاحات اور گزشتہ دورِ حکومت کی مبینہ بے ضابطگیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر انہوں نے مردان پریس کلب کے لیے 22 لاکھ روپے کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد تک کمی آئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی پولیس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا، امن و امان کا قیام اور سرکاری اداروں میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ عوامی ریلیف اور انتظامی امور پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مشیر گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ایسا گھر ملا ہے جسے چور پہلے ہی صاف کر چکے ہیں، گزشتہ دور میں صحت کا نظام شدید بدانتظامی کا شکار رہا اور ایک شخص سات سمندر پار بیٹھ کر خیبرپختونخوا کا صحت کا نظام چلا رہا تھا، تاہم اب صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ایم ٹی آئی ایکٹ میں ترامیم لائی جا رہی ہیں۔
مبینہ کرپشن کے حوالے سے ثمر ہارون بلور نے انکشاف کیا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں 19 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے پر جلد مقدمہ درج کیا جائے گا جس میں سابق وزیراعلیٰ اور ان کے خاندان کے افراد بھی شامل ہیں، جبکہ سابق حکومت نے مبینہ طور پر ہوا میں 9 ارب روپے جاری کیے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے تمام ٹھیکے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے متعلق سوال پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے ٹیم لیڈر اور گورنر خیبرپختونخوا خود وضاحت پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: سری لنکا کی 82 رنز کی برتری، پاکستان فتح کے قریب
انہوں نے آزاد اور ذمہ دار صحافت کو جمہوری معاشرے کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔





