فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ کی ملاقات،دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے  قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اہم ملاقات کی جس میں علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال، انسداد دہشت گردی اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مختلف امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، خصوصاً سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں مشترکہ کوششیں بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کا اعتراف کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ڈی ایچ او باجوڑ کا بڑا ایکشن: غیر حاضری پر 157 ملازمین کی تنخواہیں بند، 20 لیڈی ہیلتھ ورکرز برطرف

فیلڈ مارشل نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی روابط، باہمی تعاون اور ادارہ جاتی اشتراک کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

Scroll to Top