ایل پی جی کے حوالے سے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن وزنی مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کارگو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا ہےجس کے بعد ملک بھر میں ایل پی جی کی قلت ختم ہونے اور قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

اینگرو ووپاک ٹرمینل پر اس ریکارڈ کارگو کی آمد کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایم ڈی ایس ایس ایل جواد علی خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا سرمد اسلم اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرزا ناصر الدین مشہود کا کہنا تھا کہ 15 ہزار میٹرک ٹن کا یہ جہاز ملک کے توانائی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نرخوں میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی سالانہ کھپت تقریباً 24 لاکھ میٹرک ٹن ہے جبکہ مقامی پیداوار روزانہ محض 2 ہزار سے 2500 میٹرک ٹن کے درمیان رہتی ہےجس کی وجہ سے طلب پوری کرنے کے لیے درآمدات ناگزیر ہیں۔

 حکام نے واضح کیا کہ ماضی میں قواعد و ضوابط کی پیچیدگیوں کے باعث سرکاری ادارے درآمدی عمل میں پیچھے تھے تاہم نئی پالیسی کے تحت سرکاری کمپنیوں کو اس شعبے میں متحرک کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں 19 ارب کی کرپشن میں سابق وزیراعلیٰ اور خاندان ملوث، جلد مقدمہ درج کیا جائے گا،ثمر ہارون بلور

پیٹرولیم ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز بھی پاکستان پہنچیں گے جس سے بالخصوص سردیوں کے موسم میں ان پہاڑی، دیہی اور دور دراز علاقوں کے لاکھوں صارفین کو براہِ راست ریلیف ملے گا جہاں قدرتی گیس کی پائپ لائنیں موجود نہیں ہیں۔

Scroll to Top