ڈی ایچ او باجوڑ کا بڑا ایکشن: غیر حاضری پر 157 ملازمین کی تنخواہیں بند، 20 لیڈی ہیلتھ ورکرز برطرف

(محمد عباس) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر باجوڑ ڈاکٹر گوہر ایوب نے محکمہ صحت میں غیر حاضری، فرائض سے غفلت اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف بڑے پیمانے پر انتظامی و تادیبی کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق 6 میڈیکل آفیسرز (گریڈ 17) کو ضلع باجوڑ سے فارغ کرکے سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا کو رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ 2 نرسز (گریڈ 16) کو بھی ضلع بدر کیا گیا ہے۔

اسی طرح 157 ملازمین کی تنخواہیں بند کرکے ان کے خلاف ای اینڈ ڈی (E&D) رولز کے تحت تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ گزشتہ ماہ 20 لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ملازمت سے برطرفی کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

 ڈی ایچ او ڈاکٹر گوہر ایوب کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں عوام کی خدمت کے لیے دی جاتی ہیں، نہ کہ گھر بیٹھ کر سرکاری خزانے سے تنخواہیں وصول کرنے کے لیے۔ 

ان کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ سرکاری ہسپتالوں میں عملے کی حاضری، شفافیت، جوابدہی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایل پی جی کے حوالے سے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے واضح کیا کہ محکمہ صحت میں غیر حاضری، غفلت اور سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Scroll to Top