ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے انسٹاگرام کے صارفین کے لیے پیغام رسانی کا نظام الگ کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے جس کے تحت ’ڈائریکٹ‘ کے نام سے ایک علیحدہ میسجنگ ایپ متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
مجوزہ ایپ کے ذریعے صارفین انسٹاگرام کی پوسٹس، ریلز اور دیگر مواد دیکھے بغیر صرف چیٹنگ اور پیغامات کے تبادلے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد انسٹاگرام کے چیٹ فیچرز کو مرکزی ایپ سے الگ کرکے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں صارفین کو پیغام رسانی کے لیے انسٹاگرام کی مرکزی ایپ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ صارفین انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی دوسروں کو پیغامات بھیج سکیں گے۔
انسٹاگرام نے 2013 میں ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین فوٹو شیئرنگ ایپ کے اندر ہی نجی گفتگو اور تصاویر کا تبادلہ کر سکتے تھے، اب میٹا اسی نظام کو فیس بک میسنجر کی طرز پر ایک مستقل ایپ کی شکل دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اکاؤنٹ ہیک ہونے کا خطرہ، واٹس ایپ صارفین کے لیے ہائی الرٹ جاری
مجوزہ ڈائریکٹ ایپ میں انفرادی اور گروپ چیٹ سمیت متعدد سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان میں ڈرائنگ کے لیے ’ڈرا‘، نوٹس، ذاتی نوعیت کے اسٹیکرز، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز جیسے مقبول فیچرز بھی شامل ہوں گے۔
فی الحال یہ ایپ ترکیہ اور تھائی لینڈ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ میٹا کے مطابق اس سروس کے استعمال کے لیے کم از کم عمر 13 سال مقرر کی گئی ہے۔





