جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے امیر اورسابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم یہ لسانی بنیادوں کے بجائے انتظامی بنیادوں پر تشکیل دیے جانے چاہئیں۔
پختون ڈیجیٹل سے گفتگو میں عنایت اللہ خان نے کہا کہ جماعت اسلامی طویل عرصے سے چھوٹے انتظامی یونٹوں کے قیام کی حامی رہی ہے اور ماضی میں بھی اس حوالے سے مؤقف اختیار کرتی آئی ہے۔
انہوں نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1970 کے منشور میں مولانا مودودی کے دور میں بہاولپور صوبے کی بحالی کی بات کی گئی تھی جبکہ ون یونٹ کے قیام کی جماعت اسلامی نے مخالفت کی تھی اور جماعت مسلسل انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی حمایت کرتی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے قومی اتفاق رائے اور آئینی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے بننے چاہئیں کیونکہ اگر صوبے قومی اتفاق رائے کے بغیر بنتے ہیں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا میں نو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری
عنایت اللہ خان نے آئینی طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے قرارداد کی منظوری ضروری ہوتی ہے جس کے بعد بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے دو تہائی اکثریت سے منظور کرایا جاتا ہے اور اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔





