جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پشاور کے مفتی محمود مرکز میں نماز جمعہ کے اجتماع کے دوران سیاسی خطاب اور نعروں نے مذہبی مقام کے تقدس اور احتساب سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے جس پر عوام اور سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمود مرکز پشاور میں نماز جمعہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کارکنوں کو سیاسی جدوجہد کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا اور جذباتی انداز میں سوال کیا کہ ’’ڈرو گے تو نہیں ناں؟ تھکو گے تو نہیں ناں؟‘‘۔
اپنے خطاب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ اڑھائی سال سے انہیں حکومت میں شامل کرنے کے لیے منت سماجت کی جاتی رہی تاہم ان کے انکار کے بعد فائلیں کھولنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
مولانا فضل الرحمان کے ان دعوؤں کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں میں یہ بڑا سوال گردش کر رہا ہے کہ جن فائلوں کا ذکر کیا جا رہا ہے کیا وہ ان کی مبینہ بے نامی جائیدادوں اور ان کے فرزند اسعد محمود کے وفاقی وزیر کے دور میں کی گئی مبینہ کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ہیں؟
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر معاملہ انہی فائلوں کا ہے تو اداروں کو سیاسی بیانات کے ذریعے نشانہ بنانے کے بجائے مبینہ بے نامی جائیدادوں اور کرپشن کے الزامات پر شواہد کے ساتھ جواب کیوں نہیں دیا جاتا اور اسعد محمود اداروں کے خلاف بیان بازی کے بجائے نیب اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی انکوائریوں کا حصہ کیوں نہیں بنتے۔
دوسری جانب نماز جمعہ کے اجتماع میں سیاسی گفتگو اور نعرہ بازی پر نمازیوں اور شہریوں میں سخت ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگ جمعہ کی نماز اور عبادت کے لیے مرکز آئے تھے نہ کہ سیاسی تقریر اور نعرے سننے کے لیے اور منبر و مسجد کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں سے گریز کیا جانا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں : چھوٹے انتظامی یونٹوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت، جماعت اسلامی کا واضح موقف سامنے آ گیا
ایکس پر عمران یوسف نامی شہری نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مسجد میں جمعہ کے اجتماع کے دوران سیاسی نعرہ بازی کہاں کا اسلام ہے اور مولانا فضل الرحمان، ان کی قیادت اور کارکنوں کو چاہیے کہ اپنی سیاسی لڑائی مسجد کے باہر لڑیں اور عبادت گاہوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے باز رہیں۔





