بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان یعنی کالعدم بی ایل اے کے اندرونی خلفشار، گروہ بندی اور مخالف دھڑوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کا نشانہ اب براہِ راست معصوم بلوچ عوام بن رہے ہیں جہاں دالبندین میں بچھائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آ کر تین بلوچ نوجوان شہید ہو گئے ہیں۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان (کالعدم بی ایل اے) کے مختلف دھڑے باہمی اختلافات اور آپسی چپقلش کی بنیاد پر ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں آئی ای ڈیز اور بارودی سرنگیں نصب کرتے ہیںجس کا خمیازہ مقامی آبادی کو اپنی جانوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔
دالبندین کے نواحی علاقے خرگوشکاں میں کالعدم بی ایل اے کی جانب سے بچھائی گئی مائن کی زد میں آ کر تین معصوم بلوچ نوجوان شہید ہو گئےجن کی شناخت سہیل، عرفان اور الطاف کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دھماکے کے فوری بعد تینوں نوجوانوں کی لاشیں پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کر دی گئیں جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے باہمی انتشار، دھڑے بندیوں اور دہشت گردی کا اصل نشانہ معصوم بلوچ شہری بن رہے ہیں، تاہم اب بلوچ عوام اس گروہ کے عزائم، اندرونی خلفشار اور اصل مفادات کو بخوبی سمجھ چکے ہیں اور دہشت گردوں کا گھناؤنا کردار سب کے سامنے آشکار ہو چکا ہے۔





