کوہاٹ پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن: پولیس لائنز خودکش حملےمیں مطلوب دہشت گردسمیت3 جہنم واصل

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کوہاٹ اور مقامی پولیس نے بازید خیل کے علاقے میں خفیہ اطلاعات پر بروقت مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جن میں کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے اور بلی ٹنگ بینک ڈکیتی میں مطلوب اہم دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق شام 7 بج کر 28 منٹ پر بازید خیل میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کوہاٹ اور پولیس نے فوری مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا۔

 کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد فریقین کے درمیان 15 سے 20 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

فائرنگ رکنے کے بعد تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ان کے دیگر ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کا خون کے نشانات کی مدد سے تعاقب کیا جا رہا ہے۔

ہلاک ہونے والے دو دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے جن میں کوہاٹ کا رہائشی عبدالہئی  شامل ہے جو کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے اور بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ دوسرا ہلاک دہشت گرد عبدالرشید شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کا رہائشی ہے جو بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث اور مطلوب تھا۔ تیسرے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین سب مشین گنز (ایس ایم جیز) اور میگزینز بھی برآمد کر لیے ہیں جبکہ فرار ہونے والے زخمی دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

Scroll to Top