والدین بچوں کو کس ویڈیو گیم سے سختی سے دور رکھیں؟ نام سامنے آ گیا

گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) 6 کی ریلیز کے بعد جہاں دنیا بھر کے گیمرز میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے وہیں گیم میں شامل شدید تشدد، جرائم اور غیر اخلاقی و جنسی مناظر پر عالمی سطح پر کڑی تنقید کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہےجبکہ والدین کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس گیم سے دور رکھیں۔

معروف یوٹیوبر اور ایکٹوسٹ دھروو راٹھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے والدین کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو جی ٹی اے 6 سے دور رکھیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ گیم میں تشدد اور سفاکیت کی جس حد تک عکاسی کی گئی ہے اسے مذاق نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ یہ معاشرے میں نفسیاتی مسائل پیدا کرنے، بے رحمانہ تشدد کو معمول بنانے اور خواتین کو محض ایک شے کے طور پر پیش کرنے کے رجحان کو فروغ دے سکتی ہے۔

دھروو راٹھی نے جوز نامی صارف کی جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں گیم کے اندر ایک شخص پہلے ایک خاتون پر حملہ کر کے اسے تھپڑ مارتا ہے اور پھر پستول نکال کر اس کے چہرے پر گولی چلا کر اسے ہلاک کر دیتا ہے۔ 

جوز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ویڈیو گیمز میں بعض چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن سے اتفاق نہیں کیا جا سکتا اور یہ منظر بھی انہی میں سے ایک ہے۔ 

ایکس پر اس ویڈیو کے ساتھ شامل کمیونٹی نوٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ جی ٹی اے ایک اوپن ورلڈ گیم ہے جہاں کھلاڑیوں کو فیصلوں کی آزادی ہوتی ہے اور ہر عمل کا نتیجہ نکلتا ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی تشدد کرتا ہے تو پولیس اس کے پیچھے لگ جاتی ہے اور اس کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

دوسری جانب تاج الدین نامی ایک صارف نے گیم کے متنازع پہلوؤں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ یہ گیم شاید نئی فحش ویب سائٹ بننے جا رہی ہے جبکہ معروف اسٹریمر کائی سینیٹ بھی گیم میں جیسن اور لوسیا کے درمیان ایک نجی اور جنسی نوعیت کا منظر دیکھ کر حیران رہ گئے اور اپنا ردعمل قابو میں نہ رکھ سکے۔ 

صارف نے سوال اٹھایا کہ راک اسٹار گیمز کے اسٹوڈیو میں آخر کیا ہو رہا ہے اور اس گیم کو صرف بالغ افراد تک محدود ہونا چاہیے۔

گیمنگ رپورٹس کے مطابق راک اسٹار گیمز کی تیار کردہ جی ٹی اے 6 کے لیے مختلف ممالک میں عمر کی حد 17 سے 21 سال تک مقرر کی گئی ہے جن میں امریکا میں 17 سال، برطانیہ، یورپ اور آسٹریلیا میں 18 سال، جنوبی کوریا میں 19 سال جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں 21 سال کی عمر لازمی قرار دی گئی ہے۔

تکنیکی اور کہانی کے اعتبار سے بھی گیم پر تنقید سامنے آئی ہے جہاں سلطان امیر نامی صارف نے 40 گھنٹے گیم کھیلنے کے بعد اسے 10 میں سے محض 1.5 نمبر دیے۔ ان کے مطابق شاندار گرافکس اور وسیع نقشے کے باوجود اس کی کہانی جی ٹی اے کی تاریخ کی کمزور ترین کہانی ہے جیسن اور لوسیا کے کردار بے جان ہیں، ڈکیتی کے مشنز کم اور غیر دلچسپ ہیں جبکہ پلے اسٹیشن 5 پرو پر بھی گیم 30 فریمز فی سیکنڈ تک محدود ہے اور اس کا وانٹڈ سسٹم و یوزر انٹرفیس الجھا ہوا ہے۔

تنقید کے باوجود تجزیاتی کمپنی سینسر ٹاور کے تخمینوں کے مطابق جی ٹی اے 6 کی اب تک دو کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں جس سے دو ارب 36 کروڑ ڈالر سے زائد کی آمدن ہوئی ہے جس میں پلے اسٹیشن کا حصہ تقریباً 75 فیصد اور ایکس باکس کا حصہ 25 فیصد رہا ہے۔

Scroll to Top